جیفری ایپسٹین فائلز: بِل اور ہیلری کلنٹن تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار
جیفری ایپسٹین فائلز: بِل اور ہیلری کلنٹن تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار
منگل 3 فروری 2026 9:27
سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور اہلیہ سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن جیفری ایپسٹین سکینڈل کی تحقیقات کرنے والی کانگریس کی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے پر تیار ہو گئے ہیں۔
یہ کمیٹی جنسی جرائم میں سزا یافتہ جیفری ایپسٹین کے بارے میں سامنے آنے والی فائلز کی تحقیقات کر رہی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے یہ اطلاع عملے کے ایک رکن کا حوالہ دیتے ہوئے دی ہے۔
اس فیصلے سے ریپبلکن اکثریت رکھنے والے ایوان میں دونوں مشہور ارکان کے خلاف ممکنہ توہین کی کارروائی رک سکتی ہے جس کے تحت آگے چل کر فوجداری الزامات بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔
امریکہ کے محکمہ انصاف نے حال ہی میں جیفری ایپسٹین سکینڈل کے حوالے سے لاکھوں کی تعداد میں فائلز جاری کی ہیں جن میں کئی مشہور شخصیات کے نام بھی موجود ہیں۔
اس سوال کہ کیا ایوان کلنٹن کے خلاف توہین کی کارروائی کو برقرار رکھے گا؟ تو اس کے جواب میں ایوان نمائندگان کے سپیکر مائیک جانسن کا کہنا تھا کہ ’ابھی اس بارے میں کام ہو رہا ہے اور وکلا تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں۔‘
اس سے تھوڑی دیر قبل مائیک جانسن نے اس اطلاع کا خیرمقدم کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ بل کلنٹن اور ہیلری کلنٹن ایوان میں بیان دینے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔
ایوان کی نگران کمیٹی نے پچھلے ہفتے سفارش کی تھی کہ جیفری ایپسٹین کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے بیان دینے سے انکار پر بل کلنٹن کے خلاف توہین کے ارتکاب کی کارروائی کی جائے۔
منظرعام پر آنے جیفری اپیسٹن فائلز میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے نام بھی شامل ہیں (فوٹو: روئٹرز)
جس کے بعد انہوں نے پینل کے ساتھ تعاون کی پیشکش کی تھی تاہم ذاتی طور پر پیش ہونے سے انکار کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ تحقیقات ایک جانبدارانہ سرگرمی ہے جس کا مقصد ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
بل کلنٹن کے نائب چیف آف سٹاف اینجل یورینا نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’انہوں نے آپ کو حلف کے تحت بتایا تھا جو کچھ وہ جانتے تھے لیکن آپ نے پرواہ نہیں کی لیکن اب سابق صدر اور سابق وزیر خارجہ وہاں موجود ہوں گے ایک ایسی مثال کے لیے جو ہر ایک پر لاگو ہو۔‘
بل کلنٹن جیفری ایپسٹین کے جہاز پر سنہ 2000 کے آغاز میں آفس چھوڑنے کے بعد کئی بار سفر کیا۔
وہ جیفری ایپسٹین کے ساتھ تعلقات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ وہ ان کی مجرمانہ سرگرمیوں کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے۔
بل کلنٹن جیفری ایپسٹن کے ساتھ تعلق پر افسوس کا اظہار کر چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
وائٹ ہاؤس کی نگران کمیٹی کے سربراہ اور ریپبلکن نمائندے جیمز کومر نے پیر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ بل کلنٹن نے پیش ہونے کے حوالے سے کوئی تاریخ نہیں دی اور وہ پینل کے ارکان کے ساتھ مزید اقدامات کے حوالے سے بات کریں گے۔
ان کے مطابق ’کلنٹن کے وکیل نے کہا ہے کہ وہ شرائط سے متفق ہیں تاہم ان میں زیادہ وضاحت موجود نہیں ہے اور انہوں نے اپنا بیان دینے کے لیے کوئی تاریخ بھی نہیں دی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ان شرائط کو واضح کرنے کی کوشش کروں گا جن سے انہوں نے اتفاق کیا اور کمیٹی ارکان کے ساتھ بھی اگلے اقدامات کے حوالے سے بات کروں گا۔‘