Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں مدینہ منورہ کی پیس ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کی شاخ کا قیام

اراکین اصلاح معاشرہ ، دینی تعلیم ،خدمت خلق کیلئے صلاحیتوں کو روبہ عمل لائیں گے
جدہ ( امین انصاری ) مدینہ منورہ میں قائم پیس ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی نے جدہ میں اپنی نئی برانچ صدر سوسائٹی ڈاکٹر محمد عبدالجبار خان محوی کی زیر نگرانی قائم کرلی ۔ اس موقع پر اراکین پیس سوسائٹی کی موجودگی میں جدہ کے ذمہ داران کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں محمد عرفان کو نائب صدر ، محمد عبدالمنعم کو معتمد عمومی ، محمد عبدالخالق کاف کو نائب معتمد ،محمد امتیاز الدین کو ثانی نائب معتمد ،محمد بدیع الزماں کو خازن اور حافظ و قاری غلام سبحانی کو نائب خازن کے عہدوں پر فائز کیا گیا ۔ صدر سوسائٹی ڈاکٹر محمد عبدالجبار خان محوی نے بتایا کہ سوسائٹی ویلفیئر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔ ساتھ ہی ساتھ تعلیم کے شعبوں میں بھی بھر پور کام کرنے کا عزم رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اصلاح معاشرہ ہمارا مقصد ہے اور اس کیلئے علوم دینیہ سے ہم نے آغاز کیا ہے ۔وقتا فوقتا علماء، ادیب اور شاعروں کی جدہ اور مدینہ منورہ میں آمد پر ان کے خیالات اور مفید مشوروں سے عوام کو آگہی بھی دی جائے گی ۔ صدر نے کہا کہ قرآن کی تلاوت تجوید کے ساتھ کرنے کیلئے ہم نے کلاسزکا آغاز کیا ہے جس میں10 ویں کلاس کے بچوں سے لیکر بڑی عمر کے اصحاب کو تجوید سے قرآن پڑھائی جائے گی ۔وطن عزیز حیدرآباد دکن میں قیام امن اور اصلاح معاشرہ کیلئے شیڈول بنایا گیا ہے۔محلوں اور بستیوں میں شیڈول کے مطابق اصلاح کا کام کیا جائے گاجس کیلئے جید علماء، سیاستدانوں اور ادیبوں کی خدمات حاصل کی جارہی ہےں ۔ نومنتخب اراکین نے اس موقع پر عہد کیا کہ وہ اصلاح کیلئے پوری مستعدی اور ایمانداری سے خدمت انجام دینگے ۔ تعلیم کے شعبے میں بھی تیزی کے ساتھ کام کیا جائے گا۔ فوری طورپر جدہ میں قرآن کلاسز کے شیڈول کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا ۔ اراکین نے اتحاد پر زور دیتے ہوئے عوام سے رابطے میں رہنے کا عہد کیا ۔محمدبدیع الزماں کے شکریہ پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔

شیئر: