Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیشی طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش

 
ڈھاکا...بنگلہ دیش میں بیمان ائیرلائنز کی ڈھاکا سے دبئی جانے والی پرواز کو ہائی جیک کرنے کے کوشش کے بعد ہنگامی لینڈنگ کر کے اتار لیا گیا ۔ سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایک مشتبہ شخص نے زبردستی کاک پٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس کے بعد ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ ڈھاکا سے دبئی جانے والے اس طیارے پر عملے کے ارکان سمیت148 افراد سوار تھے۔طیارے کو چاٹگام کے شاہ امانت انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ بعد ازاں بنگلہ دیشی فوج کے کمانڈوز نے آپریشن کے دوران مشتبہ ہائی جیکر کو ہلاک کر دیا۔ ہائی جیکر بنگلہ دیشی شہری تھا ۔واقعہ کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ پائلٹ اور دیگر حکام نے بتایا مشتبہ ہائی جیکر ذہنی مر یض لگتا ہے ۔مشتبہ شخص نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے پاس بم موجود ہے۔ بنگلہ دیشی فوج کے ترجمان میجر جنرل مطیع الرحمٰن نے بتایا کہ کمانڈو زنے ہائی جیکر سے ہتھیار ڈالنے کا کہا تھا لیکن اس نے انکار کیا اور مزاحمت کی تھی۔مشتبہ ہائی جیکر کی عمر محض 25 یا 26 سال تھی اس کی شناخت مہدی کے نام سے ہوئی ہے۔ آپریشن کے دوران مشتبہ ہائی جیکر زخمی ہوا بعدا زاں گرفتاری کے بعد دم توڑ گیا۔اسکے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد ہوا۔ ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے تفتیش کی جائے گی کہ ہائی جیکر پستول کی موجودگی میں ایئرپورٹ سیکیورٹی سے کیسے گزرنے میں کامیاب ہوا۔ایک مسافر نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈھاکاسے پروازکے صرف 10 منٹ بعد ہائی جیکر نے 2 فائر کئے تھے ۔ ہنگامی لینڈنگ کے بعد حکام نے مبینہ ہائی جیکر کو فون پر بات چیت میں مصروف رکھا ۔اتنی دیر میں اسپیشل فورسز کے یونٹس نے آپریشن کی تیاری کرلی ۔ ایک اطلاع کے مطابق ہائی جیکر نے وزیراعظم شیخ حسینہ سے بات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
 

شیئر: