Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے 17افراد سے تفتیش مکمل کرلی گئی، پبلک پراسیکیوٹر

ریاض۔۔۔ سعودی پبلک پراسیکیورٹر نے کہا ہے کہ ملکی امن واستحکام اور قومی سلامتی کے خلاف مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے جن افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، ان کے ساتھ تفتیشی مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔اب بہت جلد انہیں متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پبلک پراسیکیوٹر کی طرف سے جانے والے اعلامیہ میں کہا گیا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد الزامات کی فہرست مکمل کرلی گئی ہے۔ زیر حراست افراد غیر ملکی سفارتخانوں کے ساتھ مشکوک روابط میں تھے۔ قومی وقار اور ملکی وحدت کو نقصان پہنچانے کے درپے تھے۔ گہرے جائزے کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا تھا۔ تمام قانونی حقوق فراہمی اور خود کو بری ثابت کرنے کے تمام مواقع دیئے گئے۔ اب تفتیش مکمل ہوگئی ہے۔ زیر حراست افراد کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہوگا۔ پبلک پراسیکیوٹر نے یقین دلایا کہ زیر حراست افراد کو تمام قانونی حقوق حاصل ہوں گے جن کی ضمانت عالمی انسانی حقوق کے چارٹر میں دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سعودی عرب کے قوانین میں ملزمان کو جو حقوق حاصل ہیں وہ سب انہیں فراہم ہوں گے۔ دریں اثناءملکی امن واستحکام اور وحدت کے علاوہ قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے افراد غیرملکی سفارتخانوں سے رابطوں میں تھے۔ اس بنا ء پر اس کیس کو سفارتخانوں سے رابطے رکھنے والوں کا کیس کہا جانے لگا۔ پبلک پراسیکیوٹر کی طرف سے عائد ہونے والے الزامات کی فہرست میں زیر حراست افراد پر یہ الزام بھی ہے کہ وہ ملک میں مروج عادات ، تہذیب اور ثقافت کے علاوہ مسلمہ دینی اصولوں اور ضابطوں کی بھی خلا ف ورزی کے مرتکب تھے۔ ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لئے بیرون ملک مشکوک عناصر سے روابط میں تھے۔ حکومتی اداروں میں حساس پوزیشنوں میں کام کرنے والے اہلکاروں کو اپنی طرف مائل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ سعودی عرب کی امن وسلامتی کو نشانہ بنانے کے لئے بیرون ملک موجود عناصر کی مالی مدد کر رہے تھے۔ پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق اس کیس میں زیر حراست افراد کی تعداد17ہے ۔ ان میں سے 5خواتین اور 3مردوں کو مشروط طور پر رہا کردیا گیا ہے تاہم ان کا کیس جاری ہے جبکہ باقی 9افراد ابھی زیر حراست ہیں جن میں 5مرد اور 4خواتین ہیں۔ تمام ثبوت اور گواہوں کی فراہمی کے بعد ملزمان نے اپنے کئے کا اقرار کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی قوانین کے مطابق ملکی قوانین، امن اور استحکام کے علاوہ قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے کو کم سے سے 3سال اور زیادہ سے زیادہ 20سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔

شیئر: