Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی ٹوئنٹی سیریز: عمران طاہر کے سپر اوور سے جنوبی افریقہ کی پہلی فتح

 
 
کیپ ٹاون: پاکستان نژاد جنوبی افریقہ کے اسپنر عمران طاہر نے اپنی شاندار بولنگ کے ذریعے جنوبی افریقہ کو ڈرامائی سپر اوور میں سری لنکا کے خلاف9رنز سے فتح کے ساتھ 3میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی 0-1 کی برتری دلا دی۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میںسری لنکا نے7وکٹوں کے نقصان پر134رنز بنائے تھے ۔ جوابی بیٹنگ میں جنوبی افریقہ بھی 134رنز ہی بناسکا جبکہ اس کی 8وکٹیں گریں۔میچ برابر ہوجانے کی وجہ سے سپر اوور کے ذریعے اسے فیصلہ کن بنایا گیا۔ سپر اوور میں سری لنکن کپتان اور فاسٹ بولر لیستھ ملنگا نے14رنز دے دیئے ۔انہیں میزبان بیٹسمین ڈیوڈ ملر نے ایک چھکا اور ایک چوکا بھی لگایا، سری لنکا کو15رنز کا ہدف ملا ۔ جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسس نے کسی فاسٹ بولر کے بجائے اسپنرعمران طاہر پر اعتماد کیا اور عمران طاہر اس اعتماد پر پورا اترے ۔ سری لنکن بیٹسمین تمام تر کوششوں کے باوجود ان کے اوور میں صرف5رنز بنا سکے جن میں2رنز وائڈ بال کے بھی تھے جبکہ ان کے اوور کی دوسری اور چوتھی گیند پروکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک اور ڈیل اسٹین نے اویشکا فرنینڈو کے کیچ بھی ڈراپ کئے تاہم اس کے باوجود سری لنکن بیٹسمین ہدف کے قریب بھی نہیں پہنچ سکے۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔سری لنکا 7رنز پر 2کھلاڑی آوٹ ہوجانے کے باعث کھل کر نہ کھیل سکا۔نوجوان مڈل آرڈر کمینڈومینڈس نے 41رنز بنائے۔فرنینڈو16،تھیسارا پریرا19،انجیلوپریرا16اور ڈی سلوا 14رنز بنا سکے۔سری لنکا نے مقررہ 20اوورز میں7وکٹوں پر 134رنز بنائے۔اینڈلے فلیکوا نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میںجنوبی افریقہ کو بھی کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ ڈیوڈ ملر 23گیندوں پر 5چوکے اور ایک چھکا لگا کر 41رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے ، ڈیوڈ ملر کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیاگیا۔کپتان فاف ڈوپلیسس نے21اوروینڈرڈیوسن نے 34رنز کی اننگزکھیلی۔آخری اوور میں جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کیلئے 5رنز درکار تھے مگر سری لنکا کے بولر اوڈانا تلکا رتنے نے خوبصورت اوور کراتے ہوئے جنوبی افریقہ کو جیت کا ہدف حاصل کرنے نہیں دیا۔جس کے باعث میچ سپر اوور میں چلا گیا۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوزاسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: