عریبیئن گلف کپ: جدہ کے فٹبال کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل
جدہ میں کھیلوں کی تاریخ کا آغاز 1950 میں القریات کے علاقے میں الصبان سٹیڈیم کے افتتاح کے ساتھ ہوا (فوٹو: ایس پی اے)
دہائیوں سے فٹبال جدہ کا ایک لازمی حصہ رہا ہے جہاں کے میدان بنیادی تربیتی مراکز کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس شہر میں کھیلوں کی تاریخ کا آغاز 1950 میں القریات کے علاقے میں الصبان سٹیڈیم کے افتتاح کے ساتھ ہوا۔ مملکت کے پہلے باضابطہ کھیلوں کے مقام کے طور پر، 12 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والی اس سہولت نے پہلے کنگز کپ کے فائنل اور مسلسل ٹائٹل میچوں کی میزبانی کی۔
1973 میں جب اس نے عالمی فٹبال آئیکون پیلے کی قیادت میں برازیلین کلب سانتوس کے ایک نمائشی تربیتی سیشن کی میزبانی کی تو تماشائیوں کا بہت بڑا ہجوم جمع ہوا تھا۔
جدہ کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو 1970 میں الوزیریہ میں جدہ یوتھ ویلفیئر سٹیڈیم کے افتتاح کے ساتھ وسعت ملی جس میں تقریباً 22 ہزار تماشائیوں کی گنجائش تھی۔
سنہ 2001 میں اس کا نام بدل کر پرنس عبداللہ الفيصل سٹیڈیم رکھا گیا اور 2012 میں اس میں وسیع پیمانے پر جدت کا کام شروع ہوا جس کے بعد یہ 2021 میں پرنس عبداللہ الفيصل سپورٹس سٹی کے اندر 27 ہزار نشستوں والے سٹیڈیم کے طور پر دوبارہ کھولا گیا۔

2014 میں 62 ہزار سے زیادہ نشستوں پر مشتمل کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی کا افتتاح جدہ کی عالمی اور براعظمی سطح کے اہم ٹورنامنٹس کی میزبانی کی صلاحیت کو مزید تقویت دینے کا باعث بنا۔
ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی بار، جدہ 23 ستمبر سے چھ اکتوبر 2026 تک 27ویں عریبین گلف کپ کی میزبانی کر رہا ہے۔

گلف کی آٹھ قومی ٹیموں کے ساتھ یہ میچز کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی اور پرنس عبداللہ الفيصل سپورٹس سٹی دونوں میں کھیلے جائیں گے جس سے اس ساحلی شہر کی ریکارڈ تماشائیوں کو راغب کرنے اور اہم علاقائی مقابلوں کی میزبانی کرنے کی روایت جاری رہے گی۔
