Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹ کے گرد اضافی چربی سے چھٹکارا دلانے والے عوامل ‎

بہت زیادہ وزن پریشانی کا سبب بنتا ہے ۔ یہ نہ صرف  شخصیت کو متاثر کرتا ہے بلکہ صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے ۔ پیٹ کے اطراف میں موجود اضافی چربی بہت سی بیماریوں جیسا کہ امراض قلب اور ذیابیطس کے خطرے کو بڑھا دیتی ہے ۔ پیٹ کے گرد اضافی چربی سے چھٹکارا پانے کے لیے طرز زندگی میں مثبت تبدیلی ضروری ہے ۔ 
سب سے پہلی اور اہم تبدیلی خوراک کی تبدیلی ہے ۔ صاف ستھری سادہ غذا کو اپنا معمول بنائیں ۔ اگر آپ الٹرا پروسیسڈ غذائیں جیسا کہ چپس ، کینڈی اور برگر وغیرہ سے اجتناب نہیں کریں گے تو آپ اضافی وزن اور چربی پر کنٹرول نہیں کر سکیں گے ۔ ایسی غذائیں جگر پر چربی کے جمنے کا سبب بنتی ہیں جس کے نتیجے میں انفلامیشن ، وزن میں اضافہ اور دیگر بیماریاں جنم لیتی ہیں ۔ اس کے بجائے ایسی غذائیں جن میں صحت مند فائبرز پائے جاتے ہوں ، جیسا کہ اوٹمیل ، ایواکاڈو ، شکرقندی اور کھٹے پھل اضافی چربی سے نجات دلانے کا سبب بنتے ہیں ۔ 
باقاعدگی سے ورزش کرنا صحت کے بہت سے مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لئے بہترین ہے ۔ یہ  دماغی صحت کو بہتر بنانے ، اسٹریس لیول کو کم کرنے اور گٹ کے مسائل سے بچنے میں مدد دیتی ہے ۔ یہ جسم کے میٹا بولزم کو بڑھا کر اضافی چربی سے چھٹکارا پانے میں مدد دیتی ہے ۔ وزن کم کرنے کے لیے مفید ورزشوں میں ٹباٹا انٹرول ٹریننگ ، اسپرنٹ اسٹائل کارڈیو اور کیٹل بیل شامل ہیں ۔ یہ ورزشیں براہ راست پیٹ کے اطراف جمی چربی کو ٹارگٹ کر تی ہیں اور ورک آؤٹ شدید ہونے کے سبب چربی کو پگھلا کر توانائی کی فراہمی کو ممکن بناتی ہیں ۔ 
رات بھر پرسکون نیند وزن کو کنٹرول کرنے کا ایک اور طریقہ ہے ۔ نیند نہ آنے کی صورت میں بھوک کے ہارمونز متحرک ہوجاتے ہیں اور بھوک کی اشتہا کو بڑھا دیتے ہیں اور رات کے اوقات میں آپ جنک فوڈز کی تلاش شروع کردیتے ہیں ۔ بیلی فیٹس کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے سات سے آٹھ گھنٹے کی بھرپور نیند لینا ضروری ہے ۔
اسٹریس جو مختلف اشکال میں حملہ آور ہوتا ہے صحت کو متاثر کرنے کا سبب بنتا ہے ۔ اسٹریس کے نتیجے میں جسم کا فائٹ اور فلائٹ رسپونس متحرک ہو جاتا ہے اور ایڈرینل گلینڈ سے کارٹیسول ہارمون کا اخراج بڑھ جاتا ہے ۔ اسٹریس ہارمون کا اخراج خون میں شوگر کی مقدار بڑھانے ، ہاضمے کے مسائل ، وزن میں اضافہ ، ڈپریشن اور دیگر بیماریوں میں مبتلا کرنے کا سبب بنتا ہے ۔وزن میں کمی لانےکے لیے اسٹریس سے بچاؤ ضروری ہے . 

شیئر: