Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی مسلسل حمایت پر خادم حرمین کے شکرگزار ہیں ، شہریاراکبر خان

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان قونصلیٹ کے زیر اہتمام مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں یوم پاکستان کے حوالے سے ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔مختلف ممالک کے سفارتکاروں، سعودی حکام اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں استقبالیہ میں شرکت کی۔ سعودی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل جمال بکر البغیور مہمان خصوصی تھے۔تقریب کا آغاز پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانوں سے ہوا۔
قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے تقریب میں مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے قومی دن پر پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد دی۔ قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے بتایا کہ 23 مارچ 1940 کو، لاہور میں قرارداد پاکستان کے ذریعہ ہندوستان کے مسلمانوں نے خود مختار ریاست قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور 7 برس کی قلیل مدت میں اپنی منزل حاصل کرلی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے انتہائی قریبی اور کثیر الجہتی برادرانہ تعلقات ہیں جنکی بنیاد عوام میں ہے ۔ قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی گہرائی کا اندازہ حالیہ اعلی سطحی دوروں سے لگایا جاسکتا ہے جن میں ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان، وزیراعظم اور صدر پاکستان کے سعودی عرب کے دورے شامل ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آغاز سے ہی سعودی عرب کے ساتھ ہم آہنگ اور برادرنہ تعلقات ہیں۔سعودی عرب میں رہنے والے 2.5 ملین پاکستانی سعودی معاشرے کا متحرک حصہ ہیں جنہوں نے سعودی عرب کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ۔سعودی معیشت پر سعودی وژن 2030 کے مثبت اثر کی تعریف کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان اقتصادی کوریڈور نے بھی اسی طرح پاکستان میں نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ ہماری کوششیں اور دعا ہے کہ دونوں ممالک کی ترقی میں مذکورہ منصوبے اہم کردار ادا کریں۔
  تقریب کے اختتام سے قبل مہمان خصوصی نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ کیک کاٹا اور سعودی عرب اور پاکستان کی سالمیت، حفاظت اور ترقی کے لئے دعا کی۔
تقریب میں پاک افواج کے مسلح دستے اور سرکاری اہلکاروں نے بھی بھرپور شرکت کی جبکہ ازبکستان ، مصر ، اردن ، ہندوستان ، بنگلہ دیش اور دیگرممالک کے سفارتکار بھی شریک تھے ۔
 

شیئر: