Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد صلاح کا انگلش پریمیئر لیگ میں تاریخی ریکار

لندن: محمد صلاح نے لیورپول کی جانب سے اپنا 50واں گول کر کے نہ صرف ٹیم کو فتح کی جانب رواں کیا بلکہ ایک ہی کلب کی طرف سے کم ترین وقت میں گولوں کی نصف سنچری مکمل کرنے کا تاریخی ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ گزشتہ 8میچوں میں کوئی گول نہ کرنے پر وہ تنقید کی زد میں تھے جبکہ لیورپول کے کوچ جرگن کلوپ ان سے بالکل بھی ناامید نہیں تھے۔ 

محمد صلاح نے ایک ہی کلب کی طرف سے کم ترین وقت میں 50واں گول کر کے یہ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انگلش پریمیئر لیگ میں مصر نژاد محمد صلاح کے اس خوبصورت گول نے لیورپول کو پوزیشن ٹیبل میں بھی ٹاپ پر پہنچا دیا۔لیور پول نے 33واں میچ ایک کے مقابلے میں 3گول سے جیت کر 82پوائنٹس حاصل کر لئے ہیں جبکہ بدستور پہلے نمبر پر رہنے والی مانچسٹر سٹی کلب 80پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔

محمد صلاح نے لیورپول کلب کی جانب سے یہ کارنامہ میچ کے 80ویں منٹ میں انجام دیا جب کھیل ختم ہونے میں صرف 10منٹ باقی تھے اور دونوں ٹیمیں 1-1گول سے برابر تھیں۔ 

اس سے قبل یہ ریکارڈ لیورپول کے فرنینڈو ٹورس کے پاس تھا۔ پوائنٹس ٹیبل پر 16نمبر کی ٹیم ساوتھمپٹن اور لیورپول کے مابین کھیلے جانیوالے میچ کے9ویں منٹ میں ساوتھمپٹن کے شین لونگ نے پہلا گول کرکے ٹیم کوبرتری دلا دی جبکہ 36ویں منٹ میں لیورپول کے اسٹرائیکر نیبے کیٹا نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ جورڈن ہنڈرسن نے 86ویں منٹ میں کھیل کا آخری اور لیورپول کا تیسرا گول کرکے اس فتح کو یقینی بنا دیا۔

شیئر: