Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلطی سے بی جے پی کو ووٹ ڈالنے پر نوجوان نے اپنی انگلی کاٹ ڈالی

 
انڈیا کی ریاست اتر پردیش کے بلندشہرسے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے انڈین انتخابات کے دوسرے مرحلے میں غلطی سے وزیراعظم مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ووٹ ڈالنے پر اپنی انگلی کاٹ لی ۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں پون کمار نامی ووٹر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مرضی کے امیدوار کو ووٹ نہ ڈالنے کی وجہ سے نادم تھا اس لئے اپنی وہ انگلی ہی کاٹ ڈالی جس سے ووٹنگ مشین کا بٹن دبایا تھا۔
25 سالہ پون کمار کے مطابق ہاتھی کے انتخابی نشان پر ایک علاقائی جماعت بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے امیدوار یوگیش شرما کو ووٹ ڈالنا تھا، مگر غلطی سے پھول کے نشان پر الیکشن لڑنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار بھولا سنگھ کو ووٹ ڈال دیا جس پر وہ بعد میں غمزدہ ہو گئے۔ 
خیال رہے کہ انڈین انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا انتخابی نشان کنول کا پھول ہے جبکہ ہاتھی ایک علاقائی سیاسی جماعت بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کا نشان ہے جو دیگر دو علاقائی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے ساتھ انتخابات میں بی جے پی کا مقابلہ کر رہی ہے۔
پون کمار دلت (جنہیں اچھوت بھی کہا جاتا ہے) نوجوان ہیں اور دلت بلند شہر میں علاقائی سیاسی جماعت بی ایس پی کے لیے اہم ووٹرز کی حیثیت رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ جنوبی ہندوستان، خاص طور سے تامل ناڈو میں ماضی میں متعدد افراد اپنے سیاسی رہنماوں اور پسندیدہ فلمی اداکاروں کے مرنے یا ان کی شکست پر اپنے آپ کو نقصان پہنچاتے رہے ہیں۔ شمالی ہندوستان خاص طور پر اترپردیش میں شاید یہ پہلا موقع ہے کہ جب کسی نے اپنی سیاسی جماعت کے لیے اپنے جسم کے ایک حصے کو ہی جسم سے الگ کر دیا۔

شیئر: