Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب حادثہ، 12 مسافر ہلاک

 
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حکام کے مطابق موٹروے ٹول پلازہ کے قریب مسافر وین کے ایک حادثے میں تین خواتین سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔
پیر کی شام سرگودھا سے راولپنڈی آنے والی ایک مسافر وین ٹول پلازہ سے ٹکرا گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے اردو نیوز کے نامہ نگار عابد ملک کو بتایا کہ حادثے میں 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ چھ افراد اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے برن سینٹر کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔
زخمیوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔
حمزہ شفقات کے مطابق مسافر وین میں 18 افراد سوار تھے جن میں سے نادرہ شناختی کارڈز کی مدد سے 10 افراد کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ دیگر کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹروے اینڈ ہائی ویز پولیس سے حادثے کی انکوائری کی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس حادثے کی تحقیقات کریں کہ یہ حادثہ کس وجہ سے پیش آیا اور گاڑی کو فٹنس سرٹیفکیٹ دیا گیا تھا یا نہیں۔
ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ ’ہماری اطلاع کے مطابق جب حادثہ پیش آیا اس وقت گاڑی کی رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تھی۔ تاہم انھوں نے کہا کہ تاحال گاڑی میں سی این جی سیلنڈرز کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

شیئر: