Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وینگارڈ مارخور ایڈیشن‘: پاکستان کی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے جرسی متعارف

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اتوار کے روز آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے قومی ٹیم کی آفیشل جرسی کی رونمائی کر دی ہے۔
یہ ٹورنامنٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک انڈیا اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔
یہ جرسی سب سے پہلے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد گدافی سٹیڈیم میں اس وقت منظرِ عام پر آئی، جب کپتان سلمان علی آغا کو پوسٹ میچ تقریب کے دوران اسے پہنے دیکھا گیا۔
جرسی کا بنیادی رنگ ہلکا سبز ہے، جس پر گہرے سبز رنگ کے ڈیزائن بنائے گئے ہیں جو پاکستان کے قومی جانور مارخور کی عکاسی کرتے ہیں۔
بعد ازاں پی سی بی نے اس کِٹ کو باضابطہ طور پر ’وینگارڈ مارخور ایڈیشن‘ کے نام سے ایک اشتہاری مہم کے ذریعے متعارف کرایا، جس کے بعد 24 سیکنڈ کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی۔ اس ویڈیو میں کپتان سلمان علی آغا، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور سٹار بلے باز بابر اعظم سمیت نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب حکومتِ پاکستان نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں قومی ٹیم کی شرکت کی اجازت دے دی، تاہم پاکستان ٹیم کو 15 فروری کو کولمبو میں انڈیا کے خلاف گروپ میچ کھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔
حکومتِ پاکستان کے بیان میں کہا گیا کہ ’حکومت پاکستان آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ  میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرکت کی منظوری دیتی ہے، تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری کو انڈیا کے خلاف طے شدہ میچ میں شرکت نہیں کرے گی۔‘
واضح رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ ہفتے قومی ٹیم کی آفیشل جرسی کی رونمائی ’ناگزیر وجوہات‘ کے باعث مؤخر کر دی تھی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق  بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ کے ٹاس کے بعد جرسی متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
یہ تاخیر ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث  ہوئی، جو اب ختم ہو چکی ہے۔
 

شیئر: