Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خواتین سری لنکا میں نقاب کی پابندی پر عمل کریں

سری لنکا کے درالحکومت کولمبو میں قائم سعودی سفارتخانے کی جانب سے اپنے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی قانون پر عمل کرتے ہوئے عوامی مقامات پر نقاب کا استعمال نہ کریں ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سری لنکا میں ہونے والی دہشتگردی کی کارروائی کے بعد ہنگامی قانون جاری کیا گیا ہے جس کی پابندی کرنا سب کا فرض ہے ۔عربی نیوز ویب سائٹ اخبار 24 نے کولمبو میں قائم سعودی سفارتخانے کی جانب سے پیر کے روز جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا کہ ہنگامی قانون کے تحت عوامی مقامات پر جانے والی سعودی خواتین اس قانون کی سختی سے پابندی کریں ۔
سفارتخانے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ان دنوں سیاحت و تفریح کےلئے سری لنکا جانے والی سعودی خواتین بھی اپنے چہرے پر نقاب نہ لگائیں ۔ سعودی شہری مقامی قوانین کا خیال رکھیں ان دنوں یہاں ہنگامی حالات نافذ ہیں ۔ 
واضح رہے سری لنکا میں خودکش حملوں کے بعد صدرسری سینا نے عوامی مقامات پر نقاب پہننے یا چہرے کو چھپانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ نقاب پر پابندی کا اطلاق پیر سے کیا گیا ہے۔
سری لنکن صدر کے دفتر سے جاری بیا ن میں مزید کہا گیا تھا کہ نقاب پر پابندی کا مقصد قومی سلامتی کو یقینی بنانا ہے جس کے لئے مقامی اور یہاں آنے والے غیر ملکی پابندی کریں ۔ 
اس حوالے سے سعودی سفارتخانے کی جانب سے بھی بیان جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قانون پر سختی سے عمل کریں۔
 

شیئر: