Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چالان سسٹم کی تباہی: سعودی گرفتار 

ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنیوالا سسٹم ’ساھر‘اہم شاہراہوں پر نصب ہے
سعودی عرب کے متعدد شہروں میں ٹریفک خلاف ورزیوں کو ریکار ڈ کرنیو الے خودکارسسٹم " ساھر" سے اکثر وبیشتر سعودی شہری نالاں رہتے ہیں ۔ ٹریفک خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے والے سسٹم اہم شاہراہوں پر نصب ہیں جن کے ذریعے مقررہ حد رفتار سے زیادہ جانے والی گاڑیوں کے خودکارانداز میں چالان کئے جاتے ہیں ۔ مذکورہ سسٹم مرحلہ وار سعودی عرب کے تقریبا تمام شہروں میں نصب کئے جاچکے ہیں۔

سسٹم سے سخت پریشان ایک سعودی شہری نےبھڑاس نکالنے کیلئے سسٹم کو تبا ہ کر دیا 

 اس حوالے سے عرب ویب نیوز اخبار 24 کا کہنا ہے کہ ابھی تک بعض علاقوں کے شہری اس سسٹم سے مانوس نہیں ہوئے اور وہ اسے اپنے لئے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں ۔ آئے دن اس حوالے سے خبریں آتی رہتی ہے کہ فلاں مقام پر کسی شخص نے سسٹم کو نذر آتش کر دیا یا فلاں شاہراہ پر سسٹم کو اکھاڑ دیا ۔
مملکت کے مشرقی ریجن القصیم میں یہ سسٹم کچھ عرصہ قبل نصب کیا گیا ہے جبکہ بعض اہم شاہراہوں پر اس کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے ۔ قصیم ریجن کے قریبی قصبے میں مقیم ایک سعودی شہری جو اس سسٹم سے سخت پریشان تھا نے اپنی بھڑاس نکالنے کیلئے سسٹم کو تبا ہ کر دیا ۔ جس پرپولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی ۔
 ریجنل پولیس ترجمان نے ویب نیوز اخبار 24 کو بتایا کہ ساھر سسٹم کو ناکارہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسکے خلاف سرکاری املاک کو تباہ کرنے کا پرچہ کاٹ کر اسے تحقیقاتی ادارے کے حوالے کر دیا گیا جہاں اس پر مقدمہ قائم کیا جائے گا ۔

 ساھر سسٹم کو ناکارہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا

واضح رہے ماضی میں ساھر سسٹم کو عارضی طور پر گاڑیوں میں نصب کیا گیا تھا جن  کے ڈرائیوراکثر وبیشتر تشدد کا نشانہ بن جاتے تھے ۔ بعض لوگ ساھر کے کیمرے کے لینز پر پینٹ ( رنگ ) پھینک دیا کرتے تھے جبکہ کچھ واقعات میں اسے کمبل سے بھی ڈھک دیا جاتا تھا۔
ساھر سسٹم  ۔۔  سعودی عرب میں ہائی ویزے پر تیز رفتاری کے باعث اکثر سنگین ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں جس کے تدارک کیلئے حکومت کی جانب سے خود کارچالان سسٹم متعارف کروایا جو ابتدائی میں ہائی ویز پر نصب کیا گیا تھا تاکہ حد رفتار کو کنٹرول کیا جائے ۔ ہائی ویزے پر حد رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے جبکہ بعض شاہراہوں پر اس میں اضافہ کر کے اسے 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کر دیا گیا ہے ۔ 
مزید پڑھیں
ساھر سسٹم شاہراہوں پر حد رفتار سے زیادہ گاڑیوں کی فوری رپورٹ مرکزی کنٹرول روم کو ارسال کرتا ہے جہاں سے چالان گاڑی کے مالک کے موبائل پر پہنچ جاتا ہے ۔ 
انتظامیہ نے ساھر سسٹم میں متعدد تبدیلیاں کرکے اسے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید بہتر بنا کر اب شہروں کے اندر بھی سسٹم کو نصب کر دیا  ہے ۔ یہ سسٹم جہاں حد رفتار کی خلاف ورزی ریکارڈ کرتے ہیں وہاں ٹریفک سگنلز اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی بھی ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ حد رفتار پر چالان کی رقم 300ریال ہے جبکہ ٹریفک سگنل خلاف ورزی کا چالان 3 ہزار ریال کا ہوتا ہے ۔

شیئر: