Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین کا سائیکل ریس میں نیا ریکارڈ

سعودی عرب کی بہادر خواتین نے جدہ سے خلیج سلمان تک سو کلو میٹر طویل سائیکل ریس مکمل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
سائیکل ریس میں حصہ لینے والی ٹیم کا نام ’بریو سائیکلسٹ‘ (بہادر سائیکل سوار) رکھا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’سبق‘ کے مطابق ٹیم کی کمانڈر سمر رہبینی  نے بتایا کہ انہوں نے ٹیم کا نام ’بریو سائیکلسٹ‘ لڑکیوں میں خوف کی دیوار توڑنے کے لیے رکھا ہے۔
’ہمارا مقصد خواتین کے ذہنوں سے سائیکل سواری کے خوف کو ختم کرنا ہے۔‘ 
پانچ ماہ پہلے قائم کی جانے والی بہادر سائیکل سوار لڑکیوں کی ٹیم نے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں 100 کلومیٹر کی ریس میں پرجوش طریقے سے حصہ لیا۔ 
سمر رہبینی نے بتایا کہ ٹیم میں خواتین کی تعداد بڑھ کر 700 سے زیادہ ہو گئی ہے، اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سمر رہبینی کا کہنا تھا کہ سائیکل ریس میں حصہ لینے سے خواتین میں سائیکل کے ذریعے طویل فاصلہ طے کرنے کی جھجھک ختم ہو گی اور وہ ٹرانسپورٹ کے طور پر بھی سائیکل کا استعمال کر سکیں گی۔

’بریو سائیکلسٹ‘ ٹیم کا مقصد لڑکیوں میں خوف کی دیوار توڑنا اور سائیکل سواری کی جھجھک ختم کرنا ہے۔

’اس سے انہیں جسمانی فوائد بھی حاصل ہوں گے، ان میں یہ احساس بھی پیدا ہوگا کہ وہ کسی بھی قسم کی سپورٹس سرگرمی میں مردوں سے کسی طور پر کم نہیں ہیں۔‘
رہبینی نے اپنی ٹیم کے وژن سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مشن سائیکل چلانے کے فوائد سے لڑکیوں کو آگاہ کرنا ہے۔
’ہم چاہتے ہیں کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل سے متعلق سعودی وژن 2030 کے اہداف حاصل کریں۔‘
بریو سائیکلسٹ کی ٹیم دیگر خواتین کو بھی سائیکل چلانے کی ٹریننگ دیتی ہے۔
’جو لڑکیاں پہلی بار ہماری ٹیم کا حصہ بنتی ہیں انہیں سائیکل پر سوار ہونے اور اسے چلانے کی تربیت دی جاتی ہے۔ عام طور پر سائیکل کے ذریعے 20 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کی جسمانی ورزش کرائی جاتی ہے، جبکہ سائیکل سواری میں ایکسپرٹ خواتین 30 سے 60 کلو میٹر تک کا فاصلہ طے کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ ہفت روزہ مشقیں بھی کرائی جاتی ہیں۔‘
رہبینی نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں ان کی ٹیم ساحل سمندر سے شمالی سمندر اور سٹی سینٹر سے ہوتے ہوئے الحمرا کورنیش کا رخ کرے گی۔

شیئر: