Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 لندن کے نیلام گھر میں مکہ کی نادر تصاویر

 بعض نوادر ماضی کے ریکارڈ توڑ دیں گے۔ فوٹو الشرق الاوسط
 برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے نیلام گھر میں آج سے اسلامی دنیا کے 251 نوادر کی نمائش اور نیلامی ہورہی ہے۔
 سعودی عرب کے اخبار الشرق الاوسط کے مطابق ان نوادر میںنمایاں ترین قرآن پاک کے قلمی نسخے،تصاویر ،گل بوٹوں والے چینی کے برتن اور آرائشی اشیاءہیں۔
 

مکہ مکرمہ کی تصاویر میں خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم کا منظر نمایاں ہے۔فوٹو الشرق الاوسط

توقع ہے کہ نئی نیلامی میں پیش کئے جانے والے بعض نوادر ماضی کے ریکارڈ توڑ دیں گے۔ خاص طور پر خانہ کعبہ کی تصاویر، قرآن پاک کے نسخے اور نوادر غیر معمولی پذیرائی حاصل کریں گے۔
نیلام گھر میں مکہ مکرمہ کی 2نایاب تصاویر رکھی گئی ہیں۔ انہیں 78نمبر دیا گیا ہے۔ ان کے مصور مکہ مکرمہ کے ڈاکٹر عبدالغفار ہیں۔ ان کا تعلق 19ویں صدی کے 8ویں عشرے کے نصف ثانی سے ہے۔ 

نمائش میں قرآن پاک کے قلمی نسخے،تصاویر، برتن اور آرائشی اشیاءہیں۔فوٹو الشرق الاوسط

ماہرین کو یہ بھی توقع ہے کہ اسلامی نوادر میں مکہ مکرمہ کی تصاویر کو لوگ اپنے یہاں محفوظ کرنا چاہیں گے۔
 البم میں مکہ مکرمہ کی تصویر کا چوکھٹا سونے کے رنگ سے مزین ہے جبکہ پس منظرسرخ اور زرد رنگ کا ہے۔
مکہ مکرمہ کی تصاویر میں خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم کا منظر نمایاں ہے۔عقب میں مکہ شہر کے کھنڈر نظر آرہے ہیں۔اوپر کی جانب عربی میں نقش و نگار بنے ہوئے ہیں۔ کیپشن میں تحریر ہے یہ تصویر مکہ کے ڈاکٹر عبدالغفار کی لی ہوئی ہے۔

 قرآن پاک کا نسخہ کوفی رسم الخط میں ہے۔ فوٹو الشرق الاوسط

نیلامی میں ایک اور تصویر بھی پیش کی جائے گی ۔ یہ خانہ کعبہ کا طواف کرانے والے حجاج کرام کی ہے۔ یہ براہ راست صحن حرم سے لی گئی ہے۔ تصویر کے اوپر عربی میں تحریر ہے ’الصلاة حول الکعبة‘ (کعبہ کے اطراف نماز کا منظر) نیچے کیپشن میں تحریر ہے یہ فوٹو مکہ کے ڈاکٹر عبدالغفار کا لیا ہوا ہے۔
ڈاکٹر عبدالغفار جزیرہ نما ئے عرب کے پہلے فوٹو گرافر ہیں۔دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ انہوں نے فوٹو گرافی کا فن ہالینڈ کے مستشرق کرسٹین سنوک ہرخرونیہ سے سیکھا تھا۔ جو 1884 اور 1885ءکے دوران ڈاکٹر عبدالغفار کے مہمان رہے تھے۔

 اسلامی نوادر میں مکہ مکرمہ کی تصاویر کو لوگ اپنے پاس محفوظ کرنا چاہیں گے۔فوٹو الشرق الاوسط

ڈاکٹر عبدالغفار کی لی ہوئی تصاویر ایک کتاب میں ازسر نو ایڈٹ کرکے شائع کی گئیں۔ کتاب کو ’صور من مکہ ‘ (مکہ کی چند تصاویر) کا نام دیا گیا۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عبدالغفار کی لی ہوئی 14تصاویر کا ایک مجموعہ 15مئی 2018 کو سوتھبی نیلام گھر میں فروخت کیا گیا تھا۔
نیلام گھر میں قرآن پاک کے قلمی نسخے کی 6 سورتوں کے 10صفحات بھی رکھے گئے ہیں۔ قرآن پاک کا یہ نسخہ کوفی رسم الخط میں ہے۔ اسکا تعلق نویں صدی عیسوی سے ہے۔ اس کی قیمت کا تخمینہ 120 ہزار اسٹرلنگ پونڈ رکھا گیا ہے۔ 

نیلام گھر میں اسلامی دنیا کے 251 نوادر کی نمائش اور نیلامی ہورہی ہے۔ فوٹو الشرق الاوسط

نیلام گھر میں سلطنت عثمانیہ کا مخملی قالین بھی رکھا گیا ہے ۔ توقع ہے کہ یہ 20 ہزار اسٹرلنگ پونڈ سے زیادہ میں فروخت ہوگا۔
نور الدین خان کا پورٹریٹ بھی ہے۔ یہ جیمز ویلز نے بنایاتھا۔ اس کی قیمت کا تخمینہ 50 تا 70ہزار اسٹرلنگ پونڈ تک کا ہے۔ نور الدین خان کا پورٹریٹ اسلامی انڈین فنون کے بونہیمز مجموعے کا نہایت اہم قطع ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: