Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 حادثے کا شکار سوڈانی بچی کی مدد کرنے والے سعودی شہری و پولیس اہلکار کو اعزاز

حادثے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے(فوٹو،ایکس اکاونٹ)
گورنر قصیم شہزادہ فیصل بن مشعل نے حادثے کا شکار ہونے والے سوڈانی خاندان کی بروقت مدد کرنے والے سعودی شہری اور سیکیورٹی اہلکار کو تعریفی سند سے نوازا۔
اخبار24 کے مطابق اکتوبر 2025 میں قصیم ہائی وے پر سفر کرنے والے ایک سوڈانی خاندان کی کار حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد سوار تھے۔
المناک حادثے میں خاندان کے چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ایک بچی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جائے حادثہ پر امدادی ٹیموں کی آمد سے قبل وہاں موجود ایک سعودی شہری سلطان الحربی اور سیکیورٹی اہلکار عیسی الرشیدی نے حادثے کے متاثرین کی مدد کی جس پر گورنر قصیم شہزادہ فیصل بن مشعل نے سعودی شہری اور سیکیورٹی اہلکار کو گورنرہاوس طلب کیا اور ان کے جذبہ ہمدردی و مدد کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سند اور اعزاز سے نوازا۔
قبل ازیں گورنرقصیم نے گزشتہ ہفتے ہسپتال میں زیرعلاج حادثہ میں زندہ بچ جانے والی سودڈانی بچی عنود الطریفی کی عیادت بھی کی اورہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بچی کا ہرطرح سے خیال رکھا جائے۔
خیال رہے حادثے میں زندہ بچ جانے والی سوڈانی بچی عنود الطریفی نے سوشل میڈیا پر اپیل کی تھی کہ اسے اور اس کی دادی و دادا کو مملکت میں رہنے کی اجازت دی جائے کیونکہ اب اس مٹی میں اسکے خاندان کی خوشبو ہی بسی ہے۔

شیئر: