Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے قابل دید تفریحی مقامات

اہل عسیر کے ملبوسات بھی اپنی ایک انفرادیت رکھتے ہیں۔ فوٹو سیدتی
سعودی عرب سیاحتی، تفریحی اور تاریخی مقامات سے مالا مال ہے۔ عسیر ریجن قدرتی مناظر، پرکشش ساحل، آبشار، پہاڑ اور تفریحی مقامات سے مالا مال ہے۔ اسی وجہ سے سعودی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور سیاحوں میں اپنا مقام بناچکا ہے۔
سعودی ریسرچ اینڈ پبلشنگ کمپنی کے میگزین سیدتی کے مطابق عسیر ریجن کے شہر ابہا، خمیس مشیط، تنومہ، ان کے قصبے، قریے، خصوصاً المفتاحہ تاریخی قریہ، سحاب تفریح گاہ، جرش اور قصر شمسان کو شہرت حاصل ہے۔
حال ہی میں عسیر ریجن میں متعدد سیاحتی اور تفریحی پروگرام منعقد ہوئے۔ کھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے۔ یہ ساری سرگرمیاں ’السودہ سیزن‘ کے عنوان سے منعقد کی گئیں۔ السودہ مملکت کا بلند ترین پہاڑ مانا جاتا ہے۔ یہاں کے جنگلات، معتدل موسم اورپرشوکت پہاڑوں کے قدرتی مناظر دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔

 عسیر ریجن کا قریہ رجال المع یونیسکو کے تاریخی ورثے میں شامل ہونے والا ہے۔فوٹو سیدتی

تاریخی مقامات

سعودی محکمہ سیاحت و قومی آثار کے ریکارڈ کے مطابق عسیر میں 425تاریخی مقامات پائے جاتے ہیں۔ ان میں 130سے زیادہ تو2018 ء میں دریافت ہوئے۔ ان میں نمایاں ترین جرش، العبلا اور درب الفیل نامی تاریخی شاہراہ ہیں۔درب الفیل سے مراد وہ تاریخی راستہ ہے جس سے حبشہ کا بادشاہ خانہ کعبہ کو منہدم کرنے کے لیے ہاتھیوں کا لشکر لے کر گزرا تھا۔ یہاں 45سے زیادہ نجی عجائب گھر ہیں۔یہاں سعودی عرب کے26فیصد نجی عجائب گھر پائے جاتے ہیں۔
 عسیر ریجن میں 4275سے زیادہ تاریخی قریے ہیں۔ یہاں کا طرز تعمیر تاریخی ہے۔ عسیر ریجن کا قریہ رجال المع یونیسکو کے تاریخی ورثے میں شامل ہونے والا ہے۔ اس کی تیاریاں جاری ہیں۔

آئندہ برسوں میں سیاحوں کے لیے بے شمار پروگرام روبعمل لائے جائیں گے۔ فوٹوسیدتی

عوامی رقص اور کھانے

عسیر ریجن کے رقص منفرد ہیں۔ یہاں پر تلواروںکے رقص العارضہ، المعشی اور العزاوی کو پورے ملک میں پسند کیا جاتا ہے۔ عسیر ریجن کے روایتی کھانے بڑے لذیذ اور مقبول ہیں۔ اہل عسیر کے ملبوسات بھی اپنی ایک انفرادیت رکھتے ہیں۔ موسم سرما اور موسم گرما کے ملبوسات اپنی ایک پہچان بناچکے ہیں۔

2018ءمیں عسیر کی سیاحت کے لیے آنے والوں کی تعداد 20لاکھ سے زیادہ تھی ۔ فوٹو سیدتی

20 لاکھ سیاحوں کا مرکز

ٹورسٹ ریسرچ انفارمیشن سینٹر کا کہنا ہے کہ 2018ء کے دوران عسیر ریجن کی سیاحت کے لیے آنے والوں کی تعداد 20لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی۔ یہاں ہوٹل دن بدن بڑھتے جارہے ہیں۔ یہاں 544 سے زیادہ لائسنس یافتہ سیاحتی مراکز قائم ہوچکے ہیں۔

عسیر قابل دید تفریحی مقام ہے۔ فوٹو سیدتی

سعودی عرب نے حال ہی میں سیاحتی ویزوں کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔ اس مناسبت سے مملکت کے تاریخی، قدرتی اور مذہبی مقامات میں دلچسپی بڑھنے لگی ہے۔ آئندہ برسوں کے دوران سیاحوں کے لیے بے شمار نئے سیاحتی پروگرام عمل لائے جائیں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: