’ثقافتی لینڈ مارک‘: قصیم ریجن میں تاریخی شاہ عبدالعزیز محل کی بحالی
گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن سعود نے الاسیاح کمشنری کے قبہ سینٹر میں واقع اہم تاریخی شاہ عبدالعزیز محل کا دورہ کیا جو ریجن کے نمایاں تاریخی مقامات میں سے ایک ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گورنر قصیم نے ہیریٹج اتھارٹی کے تعمیراتی منصوبے اور تاریخی محل کی بحالی کی کوششوں کا جائزہ لیا جس کا مقصد اس محل کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
اس موقع پر نائب گورنر قصیم شہزادہ فہد بن سعد کے علاوہ ریجنل ہیریٹج اتھارٹی کے ڈائریکٹر ابراہیم المشیقح اور دیگر اعلٰی عہدیدار بھی موجود تھے۔
گورنر قصیم نے تاریخی محل کو ریجن کے ورثے کے اہم لینڈ مارک کے طور پر محفوظ رکھنے اور قومی ثقافتی ورثے کے اہم حصے کے طور پر اجاگر کرنے کی اہیمت پر زور دیا۔ یہ سعودی ریاست کی تاریخ سے وابستہ تاریخی مقامات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے ورثے اور ثقافتی مقامات کی دیکھ بھال کے حوالے سے ہیریٹج اتھارٹی کے کردار کی تعریف کی۔
شاہ عبدالعزیز محل 1351 ہجری میں تعمیر کیا گیا تھا جس کا جغرافیائی محل وقوع علاقے کی سکیورٹی اور انتظامی اعتبار سے انتہائی اہم تھا۔
محل کا مجموعی رقبہ 10 ہزار مربع میٹر ہے، اس کی عمارت کو ثقافتی ورثے کے طور پر اہمیت حاصل ہے۔
