Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس کتنے ملکوں تک پہنچا ہے؟

چین کے علاوہ 19 ممالک میں یہ وائرس پھیل چکا ہے۔ فوٹو:اے ایف پی
چین کے شہر ووہان میں پھوٹ پڑنے والا وائرس کورونا اب دنیا کے کئی ملکوں تک پہنچ گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کے شہر ووہان سے یہ وائرس 19 ممالک تک پہنچ گیا ہے اور متعلقہ حکومتیں اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔
ان ممالک میں متحدہ عرب امارات، فرانس، جرمنی، فنلینڈ، آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا، ملائیشیا، نیپال، سری لنکا، جاپان، سینگاپور، جنوبی کوریا، تائیوان، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ، کمبوڈیا، ویت نام اور مکاؤ شامل ہیں۔  
پاکستان میں اب تک صرف چار افراد پر کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہوا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ان افراد کے خون کے نمونہ جات لیبارٹری کو بھیج دیے گئے ہیں اور ان کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’ان چار افراد کی صحت دیکھ کر یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ انھیں کورونا وائرس نہیں ہے۔ چونکہ چین میں یہ بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے اس لیے پاکستان میں بھی ہائی الرٹ ہے اور ہسپتالوں میں انتظامات کیے جا رہے ہیں۔‘
اس وائرس سے چین میں 5947 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 170 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ 1،700 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، متاثرین کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

متحدہ عرب امارات

بدھ کو متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ایک کیس کی تصدیق کی ہے۔
یہ مشرق وسطیٰ میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس ہے۔
وزارت صحت کے مطابق ’ووہان سے یہ چینی خاندان آیا ہے۔ ان مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی تاہم ان کی صحت مستحکم ہے اور ان کو نگرانی میں رکھا جا رہا ہے۔‘

فرانس تائیوان، سنگا پور اور جنوبی کوریا

فرانس میں کورونا وائرس سے متاثر چار کیسز سامنے آئے ہیں۔ فرانس یورپ کا پہلا ملک ہے جو اس وائرس سے متاثر ہوا۔
ایک شخص بورڈاؤ علاقے میں جبکہ دوسرا پیرس میں وائرس سے متاثر پایا گیا۔ حکام کے مطابق ملک میں سامنے آنے والا تیسرا مریض ان دو افراد میں سے ایک کا رشتہ دار ہے۔
یہ تینوں افراد چین گئے تھے جن کو اب الگ رکھا گیا ہے۔

امریکہ نے اپنے شہریوں کو چین سے منتقل کر دیا ہے۔ (فوٹو:اے ایف پی)

تائیوان، جنوبی کوریا اور سنگا پور میں بھی چار افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

جاپان

جاپان کی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس کے چوتھے کیس کی تصدیق کی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق کہ 40 برس کا یہ شخص ووہان گیا تھا اور اس کو اب ہسپتال میں زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔
ان چار متاثرین میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

آسٹریلیا

برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق آسٹریلیا نے کہا ہے کہ چھ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 
آسٹریلیا نے فیصلہ کیا ہے کہ چین سے لوٹنے والے شہریوں کو کچھ عرصے کے لیے الگ جزیرے پر رکھا جائے۔

جن مریضوں کی تشخیص ہوئی ہیں ان کو ہسپتالوں میں الگ رکھا گیا ہے۔ (فوٹو:اے ایف پی)

600 آسٹریلوی شہری چین کے وائرس زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
آسٹریلوی وزیراعظم کے مطابق چین سے واپس لوٹنے والوں کو چودہ دن کے لیے کرسمس نامی جزیرے پر رکھا جائے گا۔ آسٹریلیا میں پناہ لینے والے غیر ملکیوں کو عموماً کرسمس جزیرے پر رکھا جاتا ہے جو سمندر کے راستے آسٹریلیا میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

امریکہ

امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر پانچ افراد کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 240 امریکیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے چین سے واپس لایا گیا۔ امریکہ نے تصدیق کی ہے چین سے واپس لوٹنے والے شہریوں میں وائرس کے جراسیم نہیں ملے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ افسر نے کہا ہے کہ انہوں نے ماہرین کی ایک ٹیم چین بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔

ایئر پورٹس پر مسافروں کی سکنینگز کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ (فوٹو:اے ایف پی)

کینیڈا

کینیڈا میں بھی ایک 50 سالہ مریض کی تصدیق ہوئی ہے جس کو الگ رکھا گیا ہے۔

ملائشیا

ملائشیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ ملائشیا کے حکام کے مطابق کہ کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی اقدامات لیے گئے ہیں۔

چین میں اس وائرس سے بچنے کے لیے خصوصی لباس بھی تیار کیے گئے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

نیپال، سری لنکا، کمبوڈیا، فن لینڈ

اس وائرس سے نیپال کا ایک 32 سالہ شخص متاثر ہوا ہے جن کی صحت اب بہتر ہے۔ سری لنکا، کمبوڈیا اور فن لینڈ میں بھی ایک ایک شخص متاثر ہوا ہے۔ یہ متاثرین ووہان میں رہ رہے تھے۔

تھائی لینڈ اور ویتنام

تھائی لینڈ میں 16 جبکہ ویتنام میں دو افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
ویتنام میں ایک متاثرہ باپ سے بیٹے کو وائرس منتقل ہوا ہے۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد سارس وائرس کے متاثرین سے بھی تجاوز کر گئی ہے جو چین میں سنہ 2002 میں پھیلا تھا۔ سارس وائرس سے 5،327 افراد متاثر ہوئے تھے، جبکہ دنیا بھر میں 770 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

شیئر: