Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کی تڑپ الجزائری خاتون کے کام آگئی 

پندرہ سال سے قرعہ اندازی میں نام نہیں آرہا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)
 الجزائری خاتون کی حج کے لیے تڑپ کام آ گئی۔ 15 سال سے الجزائری خاتون حج کے لیے درخواست دے رہی تھی لیکن قرعہ اندازی میں نام نہیں آرہا تھا۔
اس مرتبہ بھی جب ان کا نام قرعہ اندازی میں نہیں آیا تو وہ بے ساختہ زار و قطار رونے لگیں اور ان کے رونے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق النھار چینل نے الجزائری خاتون کا انٹرویو کیا جس میں انہوں نے روتے ہوئے کہا ’15 برس سے حج کے لیے درخواست دے رہی ہوں لیکن اس سال بھی میرا نام قرعہ اندازی میں نہیں نکلا۔ پتہ نہیں حج سے متعلق خواب شرمندہ تعبیر کبھی ہو سکے گا بھی یا نہیں۔‘
سوشل میڈیا پر الجزائری خاتون کی وڈیو وائرل ہونے پر مقامی لوگ بے حد متاثر ہوئے۔
الجزائر میں متعین سعودی سفیر عبدالعزیز العمیرینی نے بھی یہ وڈیو دیکھی۔ انہوں نے فوری طور پر الجزائری خاتون کے لیے حج ویزا جاری کرنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد وہ اس سال فریضہ حج ادا کریں گی۔

شیئر: