Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ کو چین سے پھیلے وائرس کا خوف نہیں؟

صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے بہادری ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی وبا کورونا وائرس کے بارے میں جب صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا یہ وائٹ ہاؤس کے قریب پہنچ رہا ہے، تو ان کا جواب تھا کہ ’مجھے اس کی کوئی پروا نہیں۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود ان کی انتخابی مہم کے لیے جلسے جاری رہیں گے۔
صدر ٹرمپ سے یہ سوال تب کیا گیا جب یہ بات سامنے آئی کہ اعلیٰ سیاسی رہنماؤں (امریکن کنزرویٹو یونین) کی ایک تقریب میں موجود ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس تقریب میں صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائک پنس بھی شریک تھے۔
تقریب کے منتظم نے اس بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’متعلقہ شخص کی ٹرمپ یا نائب صدر سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔‘
تاہم تقریب کے منتظم اور امریکن کنزرویٹو یونین کے چیئرمین میٹ شلپ نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ وہ تقریب میں متاثرہ شخص سے ملے تھے اور اس کے بعد انہوں نے کانفرنس کے آخری روز صدر ٹرمپ سے ہاتھ ملایا تھا۔
اے ایف  پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے بہادری ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔

واشنگٹن ڈی سی میں پہلا کیس

دوسری جانب امریکی میڈیا نے بتایا ہے کہ دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔
واشنگٹن ڈی سی کی میئر میوریل باوزر کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص میں وائرس کی علامات فروری کے آخر سے ظاہر ہونا شروع ہوگئی تھیں اور اسے پانچ مارچ کو ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا تھا۔

ٹرمپ سے کورونا وائرس کے واأٹ ہاؤس تک پہنچنے کے بارے میں سوال کیا گیا۔ فائل فوٹو: روئٹرز

امریکی شہر نیویارک میں کورونا کی وجہ سے ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد ریاست کیلیفورنیا کے ساحل کے نزدیک روکے گئے کروز شپ گرینڈ پرنسز پر سوار افراد میں سے 21 میں  وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ کیلیفورنیا کے گورنر پہلے ہی ریاست میں ہنگامی حالت کا نفاذ کر چکے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق امریکی کی 30 ریاستوں میں کورونا کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہے۔

شیئر: