Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وبا کے دنوں میں محبت اور شادی۔۔۔تصاویر میں

کورونا وائرس نے انسانی زندگی اور اس سے جڑی بہت سی چیزوں کو بدل کر رکھ دیا ہے اور ان میں سے اگر جوڑوں کے آپس میں میل ملاپ اور شادی کی تقریبات کو دیکھا جائے تو وہ لاک ڈاؤن کے باعث نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دنیا بھر میں لوگ رشتہ داروں اور ہلے گُلے کے بغیر سادگی سے شادی کے بندھن میں بندھ رہے ہیں اور جہاں لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی کی گئی وہاں جوڑے خالی سڑکوں اور چوراہوں پر گھوم پھر رہے ہیں۔

یہ تصویر چینی شہر ووہان کی ہے جہاں ایک جوڑا اپنی شادی کی یادگار تصویر بنوا رہا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق دلہن کا کہنا ہے کہ انہوں نے رواں برس اگست میں شادی کی تقریب منعقد کرنے کا ارادہ کیا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث اسے ملتوی کر دیا ہے۔

یہ تصویر فرانس کے دارالحکومت پیرس کی ہے جس میں ایک ماسک پہنے جوڑے کو مشہور زمانہ آئفل ٹاور کے قریب چہل قدمی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

فلسطینی جوڑے کی یہ تصویر ویسٹ بینک کے گاؤں ڈورہ کی ہے جس میں دلہا امر اور دلہن بارا رواں ماہ رشتہ ازواج میں منسلک ہونے کے بعد ماسک پہنے کھڑے ہیں۔

یہ تصویر یوکرین کے دارالحکومت کیف کی ہے جہاں ایک جوڑا شہر کے وسط میں موجود ہے اور انہوں نے اپنے ہاتھوں میں دل کی شکل والے غبارے پکڑ رکھے ہیں۔

ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے مضافات لانچانگ میں لی گئی یہ تصویر دلہے محمد نور ازوان اور دلہن نورامیرالیا کی ہے جنہوں نے حفاظتی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے ماسک پہن رکھے ہیں۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لی گئی اس تصویر میں فلپ اپنی دلہن مارسیلا کو انگوٹھی پہنا رہے ہیں، جبکہ درمیان میں شیشے کے اُس پار سرکاری محکمے کی اہلکار کھڑی ہیں جو اس شادی کو ریکارڈ میں درج کریں گی۔

شیئر: