دونوں طرف کھیل کو سیاست زدہ بنایا جا رہا ہے، پاکستان کا بائیکاٹ سب کیلئے ’ویک اپ کال‘ ہے: ششی تھرور
پیر 2 فروری 2026 13:31
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کے انڈیا کے خلاف میچ میں بائیکاٹ پر انڈین کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا ہے کہ کھیل کو اس انداز میں سیاست کی نذر کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔
پیر کو انڈین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ششی تھرور کا کہنا تھا کہ ’صاف بات یہ ہے کہ دونوں جانب کھیل کو جس طرح سیاست زدہ بنایا جا رہا ہے، وہ نہایت شرمناک ہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ بنگلہ دیشی کرکٹر مستفیض الرحمٰن کو کولکتہ میں کھیلنے دیا گیا، معاہدہ منسوخ کیا جانا چاہیے تھا۔ یہ سیاست کی ایک بدقسمت مداخلت تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بنگلہ دیش کا ردِعمل حد سے زیادہ تھا، میرے خیال میں بنگلہ دیشی ردِعمل ایک اوور ری ایکشن تھا، لیکن یہ بھی اسی رویے کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ پاکستان بنگلہ دیش سے یکجہتی ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ پورا معاملہ قابو سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔‘
ششی تھرور نے کہا کہ ’ہمیں واقعی اس بات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے کہ کھیل، خاص طور پر کرکٹ جیسا کھیل جو لوگوں کے لیے بہت معنی رکھتا ہے، کم از کم میدان میں تو ہمیں ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ ہونا چاہیے، نہ کہ اس طرح کے تنازعات کو بڑھانے کا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ صورتِ حال سب کے لیے ایک ویک اپ کال ہے، میری رائے میں اب یہ تمام فریقین کے لیے ایک انتباہ ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر ایک دوسرے سے رابطہ کریں۔ آئی سی سی اس کے لیے ایک پلیٹ فارم بن سکتا ہے، اور سب مل کر کہیں کہ اس فضول معاملے کو ختم کیا جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے لیے اب بہت دیر ہو چکی ہے، لیکن مستقبل کے لیے ہم ہمیشہ اس طرح نہیں چل سکتے۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں انڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا جس پر آئی سی سی نے بھی ردعمل دیا اور معاملہ تاحال کسی انجام کو نہیں پہنچ سکا۔
