Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور قلندرز کے سٹار آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے پی ایس ایل سیزن 11 سے دستبردار

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے تصدیق کی ہے کہ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے نجی مصروفیات اور خاندانی ذمہ داریوں کے باعث پی ایس ایل سیزن 11 میں شرکت نہیں کریں گے۔
ڈیوڈ ویزے گزشتہ سات سیزنز سے لاہور قلندرز کا اہم حصہ رہے ہیں اور اس دوران انہوں نے ٹیم کے ساتھ ایک مضبوط اور دیرپا تعلق قائم کیا۔
بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں ان کی مستقل کارکردگی کے باعث وہ ٹیم کے کلیدی کھلاڑیوں میں شمار ہوتے رہے، جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فرنچائز ڈیوڈ ویزے کے اپنے خاندان کو ترجیح دینے کے فیصلے کا مکمل احترام کرتی ہے۔ ٹیم انتظامیہ کا ماننا ہے کہ سات برسوں پر محیط ان کا سفر صرف میدان تک محدود نہیں رہا بلکہ وہ گروپ کے ایک معتبر رکن کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔
لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا نے کہا کہ ڈیوڈ ویزے لاہور قلندرز فیملی کا لازمی حصہ رہے ہیں اور ان کی خدمات محض میچ کی کارکردگی تک محدود نہیں۔ ان کے مطابق فرنچائز مستقبل میں ڈیوڈ ویزے کی واپسی اور ٹیم کے ساتھ دوبارہ سفر کی منتظر رہے گی۔
اپنے بیان میں ڈیوڈ ویزے نے کہا کہ لاہور قلندرز کا حصہ بننا ان کے لیے ایک خاندان کا حصہ بننے جیسا تجربہ رہا۔ انہوں نے ٹیم کے مثبت ماحول، بھائی چارے اور شائقین کی جانب سے ملنے والی محبت کو ہمیشہ یادگار قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں دوبارہ ٹیم میں شامل ہو کر لاہور قلندرز کی کامیابیوں میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

شیئر: