سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں 55 سال گزارنے کے بعد پاکستان جانے والے عبدالغفار نور محمد کو تین سال بعد دوبارہ مدینہ کی یاد واپس لے آئی۔
گزشتہ ہفتے مدینہ ایئرپورٹ پر آمد کے موقع پر اپنے کفیل سے ملاقات کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ نہایت جذباتی دکھائی دے رہے تھے۔
عبدالغفار کے کفیل عدی محمد دقاق نے بتایا کہ یہ 55 سال پہلے جب پہلی مرتبہ سعودی عرب آئے تھے تو میرے والد کی کفالت میں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں بچپن سے انہیں دیکھ رہا ہوں، بلکہ یہ ہماری فیملی کا حصہ بن چکے ہیں۔ پاکستان میں خاندانی معاملات کی وجہ سے عبدالغفار کو جانا پڑا تھا، لیکن اب جب وہ دوبارہ واپس آئے ہیں تو مجھے بہت خوشی ہے۔‘
پاکستان کے شہر نوابشاہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری عبدالغفار نے بتایا کہ ’یہاں سے سب کچھ چھوڑ کر جانا میرے لیے بہت مشکل تھا۔ پاکستان میں خاندانی معاملات نمٹانے کے بعد اب دوبارہ مدینہ منورہ پہنچ گیا ہوں۔‘