Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے بڑھتے کیسز، ریاض ریڈ زون میں داخل ہو سکتا ہے؟

ریاض میں ابھی تک نازک کیسز کی تعداد بڑی حد تک کنٹرول میں ہے۔(فوٹو سبق)
 سعودی عرب میں معاون سیکریٹری صحت ڈاکٹر عبداللہ العسیری نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکا جا سکتا ہےاس کے لیے شرط یہ ہے کہ حفاظتی اور احتیاطی تدابیر کی پابندی سب لوگ مل  کر اور جم کر کریں۔
سیکریٹری صحت ڈاکٹر عبداللہ العسیری نے کہا کہ ریاض سمیت مملکت کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے تازہ ترین واقعات اس کا سب سے بڑا ثبوت ہیں۔
 سعودی نیوز چینل الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عسیری نے کہا کہ’ اگر آئندہ چند ہفتوں میں حفاظتی تدابیر کی پابندی سختی سے کرلی گئی تو کورونا وبا پر قابو پالیا جائے گااور اس کا پھیلاؤ رک جائے گا جبکہ لاپروائی برتنے سے کورونا کی وبا کا سلسلہ  چلتا رہے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیشتر لوگ کورونا وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں حالانکہ اہمیت نازک کیسز کی تعداد کو دینی چاہئے۔

لاپروائی برتنے سے کورونا کی وبا کا سلسلہ  چلتا رہے گا۔(فوٹو ٹوئٹر)

عسیری کا کہنا تھا کہ اگر کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد یونہی بڑھتی رہی تو ریاض کا علاقہ ریڈ زون میں داخل ہوجائے گا۔
عسیری نے بتایا کہ جوں جوں وقت آگے بڑھے گا ویسے ویسے صحت اداروں پر دباؤ بڑھتا چلا جائے گا۔ تسلی کاپہلو یہ ہےکہ ریاض میں ابھی تک نازک کیسز کی تعداد بڑی حد تک کنٹرول میں ہے۔
ریاض میں کرفیو جاری رکھنے  یا سختی حفاظتی انتظامات بڑھانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے عسیری نے کہا کہ اگر آئندہ ایام میں صحت اداروں میں انتہائی نگہداشت کے شعبوں پر دباؤ زیادہ بڑھا تو ایسی صورت میں ریاض میں سخت حفاظتی انتظامات ناگزیر ہوجائیں گے۔ آئندہ کیا ہوگا اس کا فیصلہ آنے والے حالات ہی کریں گے۔

شیئر: