Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں دم توڑتا کورونا وائرس، 92 فیصد افراد صحتیاب

جولائی اور اگست میں کیسز کی تعداد میں کمی ہونا شروع ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں پہلا کورونا کیس 26 فروری کو سامنے آیا اور اپریل سے صورتحال یکسر تبدیل ہونا شروع ہو گئی لیکن اب ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور حکومت نے بھی کاروبار زندگی کو جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔
تاہم حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو کیسز میں پھر سے اضافہ ہو سکتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مصدقہ کیسز کی کُل تعداد دو لاکھ 85 ہزار سے زائد ہے اور دو لاکھ 63 ہزار افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جس کی شرح 92.1 فیصد بنتی ہے۔

 

مارچ کے وسط میں کورونا کیسز کی تعداد ایک ہزار کے قریب تھی، اپریل میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی، جون میں وبا اپنی انتہا کو پہنچی اور روزانہ ہزاروں کیسز رپورٹ ہونا شروع ہو گئے۔
تاہم جولائی، اگست میں کیسز کی تعداد میں کمی ہونا شروع ہوئی اور اب صورتحال کافی بہتر نظر آ رہی ہے۔ حکومت نے شاپنگ مالز، سینما ہالز، ریستورانوں سمیت تقریباً زندگی کے تمام شعبوں کو ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
حکومت نے 15 ستمبر کو سکول کھولنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے اور اس حوالے سے ایس او پیز بھی جاری کر دیے ہیں۔
گذشتہ روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ حکومت کے درست فیصلوں اور عوام کے تعاون سے ملک میں کورونا وائرس کی وبا پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کا پتہ لگانے، سمارٹ لاک ڈاون اور عوامی آگاہی سے متعلق مسلسل پالیسیوں نے انتہائی مختصر وقت میں اس وبا کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان میں سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں (فوٹو اے ایف پی)

 تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ابھی یہ کہنے کی پوزیشن میں نہیں کہ کورونا ختم ہوگیا ’اب ہم سمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جارہے ہیں۔‘
نیشل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں کورونا کے 20 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد 730 کیسز سامنے آئے ہیں اور 17 اموات ہوئیں ہیں۔ وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کُل تعداد چھ ہزار 129 ہے جو 2.1 فیصد بنتی ہے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 24 ہزار 556 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 715 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 859 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 956 ہے۔
دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 296، آزاد کشمیر میں دو ہزار 157 اور گلگت بلتستان میں دو ہزار 382 افراد عالمی وبا کا شکار ہیں۔

شیئر: