Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چوتھے روز کا کھیل بارش کی نذر، انگلینڈ کا ایک کھلاڑی آؤٹ

تیسرے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے نہیں ہو سکا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کا چوتھا روز بھی بارش کی نذر ہو گیا ہے اور انگلینڈ کی ٹیم صرف پانچ اوورز ہی کھیل سکی جس کے بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔
شاہین آفریدی نے آر جے برنز کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو پہلا نقصان پہنچایا ہے۔ اس وقت کریز پر ڈوم سبلے اور زیک کراولی موجود ہیں اور انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز سات رنز بنائے ہیں۔
چوتھے دن کے آغاز میں ہی محمد رضوان سٹوارٹ براڈ کی گیند پر 72 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور اس طرح پاکستان کی پہلی اننگز 236 رنز پر ختم ہو گئی ہے۔

 

دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے 223 رنز نو آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تھا۔
تیسرے دن کا کھیل بھی بارش کی وجہ سے نہیں ہو سکا تھا۔ میچ آفیشلز نے دن میں تین بار گراؤنڈ اور پچ کا معائنہ کیا تاہم انہوں نے بارش کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے میچ شروع کرنے کا سگنل نہیں دیا تھا۔
اس طرح بارش کے باعث کوئی گیند کیے بغیر پورے دن کا کھیل ضائع ہوگیا۔
میچ کے دوسرے روز پاکستان نے 9 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 223 رنز بنائے تھے جس کے بعد خراب روشنی کے باعث میچ روک دیا گیا تھا۔
پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا آغاز 5 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز سے کیا تھا اور دن کے اختتام تک نو وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنائے تھے۔ میچ کے دوسرے روز بھی محمد رضوان کے علاوہ پاکستان کا کوئی بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔

بابر اعظم  47 رنز بنا کر سٹوارٹ براڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کو پہلا بڑا نقصان بابر اعظم کے آؤٹ ہونے سے ہوا جو 47 رنز بنا کر سٹوارٹ براڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے۔ محمد عباس دو رنز بنانے کے بعد براڈ کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور سٹوارٹ براڈ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایس ایم کرن اور ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو تین وکٹوں سے ہرایا تھا اور اسے سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔
ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کی بیٹنگ لائن غیر مستحکم رہی۔ تیسرے ہی اوور میں اوپنر شان مسعود ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

کپتان اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے بعد آنے والے بلے باز کپتان اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 20 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی بال پر روری برنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اوپنر آنے والے عابد علی نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 60 رنز بنائے اور برنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اسد شفیق صرف پانچ رنز بنا کر براڈ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
دس سال بعد ٹیم میں جگہ بنانے والے فواد عالم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے ہاتھوں مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں تین وکٹوں کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے ساؤتھمپٹن میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شاداب خان کی جگہ فواد عالم کو شامل کیا۔
مانچسٹر میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو انگلینڈ نے تین وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

شیئر: