پی ایس ایل 12 کا افتتاحی میچ پشاور میں کھیلا جائے گا: چیئرمین پی سی بی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے میچز پہلی بار پشاور میں بھی منعقد ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پشاور کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 2027 کے لیے بطور وینیو تصدیق کر دی ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا افتتاحی میچ بھی پشاور میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ آئندہ برس 18 مارچ سے دو مئی تک جاری رہے گا۔
لیگ کی 12 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب پشاور میں پی ایس ایل کے میچز منعقد کیے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ’پشاور کے شائقین اس لمحے کا طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے، پی ایس ایل کو پشاور لانے کا مقصد پاکستان کرکٹ کے لیے اس شہر کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ پشاور کے عوام لیگ کا اسی جوش اور گرم جوشی سے خیرمقدم کریں گے جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔‘
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا ہے کہ ’یہ وہ لمحہ ہے جس کا لیگ اور بالخصوص پشاور کے شائقین گزشتہ 12 سال سے انتظار کر رہے تھے۔‘
ان کے مطابق ’ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 میں چھٹے وینیو کا اضافہ لیگ کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔‘
