Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خطے سمیت دنیا میں امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے کوشاں‘

اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کی طویل تاریخ پر فخر ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)  
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں خطے سمیت دنیا بھر میں امن و سلامتی، ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو 1945 عیسوی میں قیام سے لے کر اب تک اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کی طویل تاریخ پر فخر ہے۔  
اخبار 24 کے مطابق وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی 75 ویں سالگرہ کے اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ اسے اقوام عالم کی خوشحالی اور امن وسلامتی کے لیے بین الاقوامی تعاون میں قائذانہ کردار ادا کرتے رہنا ہے۔
فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان نے جی 20 کے قائدین کی آن لائن سربراہ کانفرنس دنیا بھر کے انسانوں کے تئیں اپنے فرض کے جذبے سے بلائی تھی۔ مملکت نے جی 20 کے قائد کی حیثیت سے سربراہ اجلاس میں اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی تنظیموں اور اہم ملکوں کو بھی مدعو کیا تھا۔  
وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب نے اس سال جی 20 کے قائد کی حیثیت سے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی۔ یورپی یونین سمیت دنیا کے بہت سارے ممالک اس میں شریک ہوئے۔ اس کانفرنس کا نتیجہ وبا پر ریسرچ اور علاج کے لیے بجٹ خلا پورا کرنے کی صورت میں برآمد ہوا ہے۔ 
فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ سعودی عرب اقوام متحدہ کے ساتھ اپنے طویل تعلقات پر ناز کرتا ہے۔ 75 برس سے یہ تعلقات مستحکم چلے آرہے ہیں۔

سعودی عرب کا پیغام بہتر دنیا کی تشکیل کےلیے امن و تعاون ہے۔(فوٹو ٹوئٹر وزارت خارجہ)

انہوں نے کہا کہ فریقین کی شراکت کی بدولت متعدد افکار اور پروگرام ترتیب پائے تاہم دنیا کے کئی علاقے اب بھی بحرانوں سے دوچار ہیں۔ ان میں فلسطینی عوام ہیں جو اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے بوجھ تلے کراہ رہے ہیں جبکہ میانمار میں مسلمانوں کے خلاف نسلی اور فرقہ وارانہ تطہیر کا بحران دکھ دے رہا ہے۔ 
انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب کا پیغام بہتر دنیا کی تشکیل کی خاطر امن و تعاون ہے۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ  پوری دنیا امن و امان اور استحکام کی دولت سے مالا مال ہو۔ مملکت کا یہ  پیغام کل بھی تھا، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا۔

شیئر: