Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ویکسین کی خریداری میں ترقی پذیر ممالک کی مدد کی جائے‘

عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری حکمت اچھی طرح سے کام کر رہی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 'ترقی پذیر ممالک میں کورونا ویکیسن کے آنے میں وقت لگے گا۔'
وزیراعظم نے کورونا وبا سے نمٹنے کی حکومتی پالیسی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی پیر کو منعقد ہونے والی آئن لائن ٹریڈ اور ڈویلپمنٹ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری کوششیں اس مقصد کے لیے ہیں کہ جہاں ہم لوگوں کو وائرس سے مرنے سے بچا رہے ہیں وہیں انہیں بھوک کے ہاتھوں بھی مرنے سے بچائیں۔‘

 

عمران خان نے کہا کہ ’ہماری حکمت عملی خوش قسمتی سے اب تک اچھی طرح سے کام کر رہی ہے، لیکن ہمیں وائرس کی دوسری لہر پر مکمل قابو پانے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ معاشی نمو کو بھی برقرار اور بڑھانے کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’اگرچہ کورونا وائرس امیر اور غریب کے درمیان کوئی امتیاز نہیں کرتا لیکن کمزور افراد اور ممالک کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ لاکھوں افراد غربت کی لپیٹ میں آجائیں گے۔‘
وزیراعظم نے کورونا ویکسین کے حوالے سے کہا کہ ’ترقی یافتہ ممالک میں اب کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہیں، لیکن ایسا لگتا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کی مکمل فراہمی میں وقت لگے گا۔‘
انہوں نے کانفرنس میں اپنا پانچ نکاتی ایجنڈا پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ 'کوویکس کا دائرہ کار بڑھایا جائے اور ترقی پذیر ممالک کی ویکسین کی خریداری میں مدد کی جائے۔‘
وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ وبا سے بحالی اور اپنے قرضوں کی شرائط کے دوران پھنس چکے ہیں۔'
انہوں نے اپنے ایجنڈے میں یہ تجویز بھی دی کہ 'جب تک وبا کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، دباؤ کا شکار ممالک کے قرضوں کی ادائیگیاں موخر کر دی جائیں۔'

شیئر: