Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال: پاکستان سے 102 بین الاقوامی پروازیں منسوخ مسافر مشکل میں

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مختلف مقامات کے لیے جانے والی 44 پروازیں منسوخ کر دی گئیں (فوٹو: اے ایف پی)
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان کے مختلف بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے مشرق وسطیٰ جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر متاثر ہوئے ہیں۔
پروازوں کی منسوخی کے باعث ایئرپورٹس پر مسافروں کو شدید پریشانی اور غیریقینی صورتحال کا سامنا ہے، خصوصاً وہ افراد جو رمضان کے آخری ایام میں عمرہ کی ادائیگی یا عیدالفطر کے موقع پر اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لیے سفر کرنا چاہتے تھے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کی مجموعی طور پر 102 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ ان منسوخ ہونے والی پروازوں میں دبئی، ابو ظبی، شارجہ، دوحہ، کویت اور بحرین سمیت خلیجی ممالک کے مختلف شہروں کے لیے جانے والی پروازیں شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ متاثر کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہوا جہاں سے دبئی، شارجہ اور کویت سمیت مختلف مقامات کے لیے جانے والی 44 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ کراچی سے خلیجی ممالک کے لیے بڑی تعداد میں پاکستانی محنت کش اور کاروباری افراد سفر کرتے ہیں، اس لیے یہاں پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر پھنس گئی۔
اسی طرح اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظبی اور دوحہ جانے والی 8 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت سے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں میں سرکاری و نجی شعبے کے ملازمین، طلبہ اور خلیجی ممالک میں کام کرنے والے افراد شامل ہیں، جنہیں اپنی پروازوں کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی صورتحال مختلف نہیں رہی جہاں دبئی، ابو ظہبی، قطر، کویت اور بحرین جانے والی 18 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق پشاور ایئرپورٹ سے 16 پروازیں جبکہ ملتان ایئرپورٹ سے 10 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ سے 4 اور فیصل آباد ایئرپورٹ سے 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ ان پروازوں میں مختلف بین الاقوامی ایئرلائنز شامل ہیں جن میں ایمریٹس، اتحاد ایئرویز، ایئر عربیہ اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) سمیت دیگر فضائی کمپنیاں شامل ہیں۔
پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کو نہ صرف سفر میں تبدیلی کرنا پڑ رہی ہے بلکہ انہیں مالی اور ذہنی دباؤ کا بھی سامنا ہے، خاص طور پر رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کے اختتامی ایام میں صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے کیونکہ اس عرصے میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہری عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوتے ہیں۔

پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 11 سو سے تجاوز کرگئی (فوٹو: اے ایف پی)

پروازوں کی منسوخی کے باعث عمرہ زائرین کی بڑی تعداد غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے اور انہیں خدشہ ہے کہ وہ مقررہ وقت پر سعودی عرب نہیں پہنچ سکیں گے۔
اسی طرح بیرون ملک مقیم پاکستانی جو عیدالفطر اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان میں منانا چاہتے ہیں یا پاکستان سے خلیجی ممالک واپس جانا چاہتے ہیں، وہ بھی اس صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 11 سو سے تجاوز کرگئی ہے جو اس بحران کی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔ حکام کے مطابق خطے میں جاری سکیورٹی صورتحال اور فضائی حدود سے متعلق حفاظتی اقدامات کے باعث پروازوں کے شیڈول میں مسلسل تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
متاثرہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے بارے میں تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں جبکہ ایئرپورٹ آنے سے قبل بھی پرواز کی صورتحال ضرور چیک کریں تاکہ کسی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔

 

شیئر: