بحرین کی فورسز نے 270 سے زائد ایرانی میزائل اور ڈرون مار گرائے
بیان میں کہا گیا کہ شہریوں اور نجی املاک کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بحرین نے پیر کے روز اعلان کیا کہ اس نے فروری کے اختتام سے اب تک 102 بیلسٹک میزائل اور 171 ڈرونز تباہ کی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ کارروائیاں امریکہ اور اسرائیل کے تہران پر جاری حملوں کے دوران کی گئیں۔
بحرین ڈیفنس فورس کی جنرل کمانڈ نے جاری حملوں کی ان لہروں کو ملک کے خلاف ’ایرانی دہشت گردانہ جارحیت‘ قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ شہریوں اور نجی املاک کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
جنرل کمانڈ نے کہا کہ ’یہ اندھا دھند حملے علاقائی امن اور سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔‘
بیان میں یہ بھی تصدیق کی گئی کہ بحرین کی فضائی حدود محفوظ ہیں اور ملک کی افواج جنگی تیاری کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ گھروں میں رہیں، فوجی کارروائیوں یا گرنے والے ملبے کی ویڈیوز بنانے سے گریز کریں اور غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے بھی احتیاط کریں۔
اتوار کے روز بحرین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لیے ایک قرارداد کا مسودہ بھی تیار کیا جس میں خلیجی تعاون کونسل کے ممالک اور اردن پر ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کی گئی اور تہران سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ’فوری اور غیر مشروط‘ طور پر اپنی اشتعال انگیز کارروائیاں اور دھمکیاں بند کرے۔
