Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں بارشوں کا آغاز کن علاقوں میں کب سے ہو رہا ہے؟

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں، سیاحوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان میٹرولاجیکل ڈیپارٹمنٹ (میٹ آفس) نے کہا ہے کہ نو سے 12 مارچ کے دوران ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مختلف حصوں کو متاثر کرے گا۔ 
میٹ آفس کے مطابق ’یہ موسمی نظام پیر کی شام ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا اور 12 مارچ تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔‘
’اس کے زیر اثر خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش، گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ’اسی طرح سے اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بھی نو مارچ کی رات سے 11 مارچ تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں متوقع ہیں۔‘
’اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی موجود ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔‘
’خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند، باجوڑ، بنوں، وزیرستان، کرم، کوہاٹ اور ہنگو سمیت بعض دیگر علاقوں میں بھی 10 اور 11 مارچ کے دوران ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔‘

کیا اسلام آباد میں ژالہ باری ہو گی؟

میٹ آفس کا کہنا ہے کہ ’نو سے 12 مارچ کے دوران اسلام آباد کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری متوقع ہے۔‘

اثرات اور احتیاطی تدابیر

بارشوں کے باعث ملک کے بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں تین سے چار ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے، جس سے موسم مزید خنک ہو جائے گا۔ 
میٹ آفس نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 
محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ موجودہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں اور فصلوں کی دیکھ بھال کا مناسب انتظام کریں۔ مزید برآں حالیہ علاقائی صورتحال کے باعث مغربی علاقوں میں ہواؤں کے ذریعے آلودہ ذرات آنے سے فضائی آلودگی میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 
آئندہ چند روز کے دوران موسم کی اس تبدیلی کے باعث بالائی علاقوں میں ٹھنڈ میں اضافہ اور بعض مقامات پر بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

شیئر: