Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا رائل اتھارٹی نے قدیم شہر سیاحوں کے لیے کھول دیا

شہر میں ترمیمات کے بعد یہاں چار نئے ریستوران کھول دیے گئے ہیں۔ (فوٹو العلا رائل کمیشن)
العلا رائل اتھارٹی نے قدیم شہر سیاحوں کے لیے کھول دیا ہے۔ تین برس پہلے اصلاح و مرمت کی غرض سے اسے بند کیا گیا تھا۔ 
اخبار 24 کے مطابق  قدیم شہر کی پکی اینٹوں سے بنی حجری عمارتوں  میں ترمیم کی گئی ہے۔ 
یہ العلا کے چار تاریخی مقامات میں سے ایک ہے۔ سال بھر سیاح اسے دیکھنے کے لیے  آتے تھے۔ 

 بدوؤں کی دستی مصنوعات کی نمائش کا ایک حصہ رکھا گیا ہے- (فوٹو سبق)

اب یہاں چار نئے ریستوران کھول دیے گئے ہیں جبکہ  بدوؤں کی دستی مصنوعات کی نمائش کے لیے ایک حصہ مختص ہے۔ بازار اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ 
العلا کا قدیم شہر بارہویں صدی عیسوی میں قائم کیا گیا تھا۔ یہاں گزشتہ صدی کے 8 ویں عشرے تک لوگ رہتے تھے۔ وہ جدید طرز کے مکانات کی تلاش میں یہاں اپنے گھروں کو خیر باد کہہ گئے تھے۔
گزشتہ چالیس برس کے دوران یہاں پرانے باشندے اور مختلف لوگ سیاحت کے لیے آتے جاتے رہے ہیں۔ ماحولیاتی اثرات نے عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔ 2017 میں العلا رائل کمیشن نے العلا کے قدیم شہر کو اصلاح و مرمت کے لیے بند کردیا تھا جبکہ مقامی باشندوں کو راضی کرنے کے لیے خصوصی سکیمیں متعارف کرائی گئیں۔

شہر میں دو مساجد، دو شاہراہوں اور مکانات کی اصلاح کی گئی- (فوٹو اخبار 24)

ترمیم کا کام یونیسکو کے بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق انجام دیا گیا ہے۔ یہاں طنطورہ دیوار اور آفتابی گھڑی کی مرمت سے اصلاح کا آغاز کیا گیا۔ 
 ترمیم کے پہلے مرحلے میں مکانات اور مساجد کی اصلاح کی گئی ہے۔ سیوریج کی نکاسی کا پروگرام نافذ کیا گیا۔ دو مساجد، دو شاہراہوں اور مکانات کی مرمت کی گئی ہے۔  
اب سیاح البخور روڈ پر سیر کرسکتے ہیں۔ یہاں پھلوں کی دکانیں کھول دی گئی ہیں۔ مختلف مصنوعات فروخت کرنے والی شاپس ہیں۔ دستی مصنوعات، نوادر، ملبوسات اور یادگاری تحائف کا بازار بھی قائم کردیا گیا ہے۔ 

شہر میں آفتابی گھڑی کی مرمت سے اصلاح کا آغاز کیا گیا-  (فوٹو اخبار 24)

شاہراہ پر ایک ریستوران ہے جس سے سیاح لطف اٹھا سکتے ہیں۔ العلا میں اعلی درجے کا جدید ترین ریستوران قائم کیا گیا ہے۔ یہ سعودی عرب کے روایتی اعلی کھانے پیش کر رہا ہے۔ یہاں عوامی قہوہ خانے بھی ہیں جبکہ فنون لطیفہ کے شو بھی دیکھے جاسکیں گے۔ دستی مصنوعات کا ایک ونگ بھی قائم کیا گیا ہے- مارکیٹ جلد ہی دن رات کھولی جائے گی- 
سیاح  ترمیم شدہ سڑکوں پر سیر کے لیے بکنگ کراسکتے ہیں۔ ان سڑکوں پر چلتے ہوئے طنطورہ محل، آفتابی گھڑی، الزاویہ مسجد اور حمد بن یونس مسجد تک پہنچ سکتے ہیں۔ یہاں وہ قلعے پر چڑھ کر پرانے شہر پر اوپر سے نظر ڈال سکتے ہیں جبکہ جنوبی حصے میں محفوظ گھر بھی دیکھ سکتے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: