Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر ریجن میں 13 صدی قدیم مسجد المسقی کی بحالی کا کام مکمل

مملکت کی ثقافتی شناخت کو آگے بڑھانے کی کوششوں کے سلسلے میں تاریخی مساجد اور ان کے تعمیری لینڈ مارکس کے تحفظ کے لیے، ’پرنس محمد بن سلمان پروجیکٹ‘ کے تحت قدیم مساجد کی بحالی کا کام جاری ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق منصوبے کے دوسرے مرحلے میں عسیر ریجن کی قدیم مسجد المسقی کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
عسیر ریجن میں، ابھا شہر کے جنوب مشرق میں 32 کلو میٹر کے فاصلے پر  قریہ المسقی میں یہ مسجد واقع ہے۔
مسجد المسقی کا شمار علاقے کی قدیم ترین مساجد میں کیا جاتا ہے، جو تقریباً 73 سے 75 ہجری کے درمیان، یعنی آج سے لگ بھگ 13 صدیاں قبل تعمیر کی گئی۔
مسجد کی دیوار پر نصب تختی پر اس کی تعمیر کا سال درج تھا، تاہم 1975 میں تعمیرِ نو کے دوران وہ قدیم تختی گم ہو گئی۔

مسجد کی تعمیرِ نو کے منصوبے سے قبل تک یہاں باقاعدگی سے نمازیں اور جمعے کی نماز ادا کی جاتی تھی جس میں نہ صرف علاقے کے لوگ بلکہ قرب و جوار کی بستیوں میں رہنے والے بھی شرکت کرتے تھے۔
مسجد کی تعمیرِ نو کے بعد اس کا رقبہ بڑھا کر 409.25 مربع میٹر کردیا گیا جس سے مصلوں کی گنجائش بھی بڑھ کر 156 تک پہنچ گئی۔

مسجد کی تعمیرِ نو کے لیے علاقے میں دستیاب العرعر کی لکڑی استعمال کی گئی، جبکہ دیواروں کو چٹانی پتھروں سے بلند کیا گیا تاکہ مسجد کی قدیم تاریخی شناخت برقرار رکھی جا سکے۔

 

شیئر: