Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کو شکست، نیوزی لینڈ پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فاتح

انڈیا کی ٹیم دوسری اننگز میں 170 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کے شہر ساؤتھمپٹن میں جاری ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے انڈیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آخری اننگز میں میچ جیتنے کے لیے مطلوبہ 139 رنز کا ہدف سات اوورز قبل ہی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان کین ولیمسن نے ناقابل شکست 52 اور راس ٹیلر نے 47 رنز سکور کیے۔
اس سے قبل انڈیا کی پوری ٹیم میچ کی دوسری اننگز میں 170 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ انڈیا کی جانب سے رشبھ پنت نے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ 41 رنز سکور کیے جبکہ اوپنر روہت شرما نے 30 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سودھی نے چار اور ٹرینٹ بولٹ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بارش سے متاثرہ اس میچ کو ریفری نے چھ دن کے لیے بڑھا دیا تھا۔
انڈیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن نے پہلی اننگز میں انڈیا کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 249 رنز سکور کیے تھے جن میں کانوے نے 54 جبکہ کپتان ولیمسن نے 49 رنز کی اننگز کھیلیں۔

شیئر: