Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ چیمپئن شپ: فائنل کا چوتھا دن پھر بارش کی نذر

بارش کے باعث اس میچ کے پہلے روز یعنی جمعے کو پورے دن کا کھیل نہیں ہوسکا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پیر کے روز بارش کے باعث ایک بار پھر نیوزی لینڈ اور انڈیا کے درمیان ساؤتھمپٹن میں جاری ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کی نذر ہوگیا۔ 
کھیل مقامی وقت کے مطابق صبح 10:30 پر شروع ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے ایک اوور بھی نہیں ہوسکا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق رات بھر اور علی الصبح ہونے والی بارش کے باعث پچ اور گراؤنڈ کو کور کر دیا گیا تھا۔  
خیال رہے بارش کے باعث اس میچ کے پہلے روز یعنی جمعے کو پورے دن کا کھیل نہیں ہوسکا تھا اور ایک بھی بال نہ کرائی جاسکی۔

 

اگر میچ ریفری کرس براڈ یہ سمجھیں کہ بارش کے باعث ضائع ہونے والے وقت کو ایک دن بڑھا کر میچ کو نتیجہ خیز بنایا جا سکتا ہے تو حاصل خصوصی اختیارات کے تحت وہ اس پانچ روزہ فائنل ٹیسٹ میچ کا دورانیہ ایک روز بڑھا سکتے ہیں۔
اتوار کے روز اعلٰی معیار کی کرکٹ کا دن تھا، فلڈ لائٹس پوری طرح سے آن ہونے کے باوجود خراب روشنی کے باعث کھیل جلدی ختم کر دیا گیا۔
جب کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے انڈیا کی پہلی اننگز کے سکور 217 کے جواب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنائے تھے اور اسے انڈین ٹیم کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 116 رنز درکار تھے۔
نیوزی لینڈ کے کائل جیمی سن نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 31 رنز دے کر انڈیا کے پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
کیوی اوپنر ڈیوون کونوائے کھیل ختم ہونے سے صرف دو گیندیں قبل 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جیتنے والی ٹیم 16 لاکھ ڈالر انعام کی حق دار ٹھہرے گی، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 8 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔

شیئر: