Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں موڈرنا ویکسین کی رجسٹریشن

’موڈرنا ویکسین کی فعالیت، افادیت اور اس کے ما بعد اثرات کا بھر پور جائزہ لینے منظوری دی گئی ہے‘ (فوٹو: سبق)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگز اتھارٹی نے موڈرنا ویکسین کی رجسٹریشن کی اجازت دے دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اتھارٹی کی طرف سے مذکورہ ویکسین کی منظوری کے بعد وزارت صحت اس کا عام استعمال کرے گی۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’موڈرنا کورونا ویکسین کی فعالیت، افادیت اور ما بعد اثرات کا بھرپور جائزہ لینے اور دیگر منظور شدہ ویکسینز سے تقابل کرنے کے بعد رجسٹریشن کی منظوری دی گئی ہے۔‘
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ویکسین کی رجسٹریشن کی منظوری سے پہلے ادارے کے ماہرین نے ویکسین کی تیاری کے مراحل کا جائزہ لیا ہے۔‘
’اس سلسلے میں مقامی اور غیر ملکی صحت اور ویکسینیشن کے ماہرین سے بھی مشورہ کیا گیا ہے۔‘
’بعدازاں اتھارٹی کے بورڈ میں موڈرنا ویکسین کی رجسٹریشن کی منظوری دینے اور نہ دینے کے بارے میں غور و خوض ہوا۔‘
’تمام فنی، تکنیکی اور طبی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد اتھارٹی کے ماہرین مذکورہ ویکسین کی رجسٹریشن کی اجازت پر متفق ہوئے ہیں۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی برطانوی ویکسین ایسٹرازینکا، امریکی ویکسین فائزر اور جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کی منظوری دے چکی ہے۔

شیئر: