Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی تفتیشی مہم، لاکھوں ریال کے جرمانے اور لائسنس منسوخ

میک اپ کے سامان کے 170 اداروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران مملکت بھر میں 660 اداروں پر تفتیشی کارروائیاں کی ہیں اور لاکھوں ریال کے جرمانے کیے۔ متعدد اداروں کو سیل کر دیا گیا جبکہ بعض کے لائسنس منسوخ کر دیے گئے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے بتایا کہ 218 غذائی ادارے صفائی کے معیار اور کھانے پینے کی اشیا کے لیے مقرر سٹینڈرڈ کی پابندی بھی نہیں کر رہے تھے۔ ان میں سے بعض ادارے وہ بھی تھے جو لائسنس حاصل کیے بغیر ہی کاروبارجاری رکھے ہوئے تھے۔ 
ایس ایف ڈی اے کے قانون کے مطابق اس قسم کی خلاف ورزیوں پر دس لاکھ  ریال تک کا جرمانہ کر دیا جاتا ہے جبکہ ایسے ادارے کو 180 دن تک کاروبار سے معطل کر دیا جاتا ہے یا لائسنس منسوخ یا ایک برس تک کے لیے معطل کر دیا جاتا ہے۔ 
ادارے کا کہنا ہے کہ تفتیشی مہم کے دوران  232 گودام اور ادویہ سازی کی ایسی ایجنسیاں ریکارڈ پر آئیں جو مقررہ ضوابط کی پابندی نہیں کر رہی تھیں۔
 اس قسم کی خلاف ورزیوں پر 50 لاکھ ریال تک کا جرمانہ کیا جا سکتا ہے جبکہ خلاف ورزی کی مرتکب فارمیسی کو 180 دن تک سیل کیا جا سکتا ہے یا لائسنس منسوخ ہو سکتا ہے۔ 
بیان میں کہا گیا کہ چالیس ایسے ادارے ریکارڈ پر آئے جو جانوروں کی ادویہ اندراج کے بغیر فروخت کر رہے تھے۔ اس قسم کی خلاف ورزی پر پچاس لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہوتا ہے کارخانے یا گودام کو بند کر دیا جاتا ہے یا لائسنس منسوخ کر دیا جاتا ہے۔
ایس ایف ڈی اے نے 170 اداروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جو میک اپ کا غیر رجسٹرڈ سامان فروخت کرتے ہوئے پائے گئے۔ اس خلاف ورزی کی سزا 50 لاکھ ریال تک جرمانہ، کارخانے یا گودام کو سیل کرنا یا لائسنس منسوخ کرنا ہے۔
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے انتباہ کیا ہے کہ مملکت بھر میں تفتیشی دورے جاری رکھے جائیں گے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: