Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بل میں ہی دوں گا‘، دنیا بھر میں ویڈیو وائرل

’سی این این سمیت متعدد صحافتی اداروں نے اس پر خبریں شائع کی ہے‘ (فائل فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں کھانے کے بل کی ادائیگی کے موقع پر دو دوستوں کی ایک دلچسپ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین طرح طرح کے تبصرے کررہے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ظہران الجنوب میں دو دوست ایک ریستوران کے ڈرائیو تھرو سے کچھ چیزیں لینے پہنچے۔
جب بل دینے کی باری آئی تو دونوں کے درمیان تکرار ہوگئی کہ کون بل دے گا۔ یقیناً ڈرائیونگ سائیڈ پر بیٹھنے والا شخص زیادہ قریب تھا اور وہی بل دے سکتا تھا مگر مسافر سیٹ پر بیٹھنے والے شخص کو یہ بات کہاں منظور تھی۔
اس نے آؤ دیکھا نہ تاؤ، پلک جھپکتے ہی گاڑی کی کھڑی سے نکلا اور چھت پر چڑھ گیا اور بل ادا کردیا۔
ٹک ٹاک پر ویڈیو کو تادم تحریر 40 لاکھ ویوز ملے ہیں جبکہ ٹوئٹر پر بھی ویڈیو وسیع پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے۔
گاڑی کے ڈرائیور عبد الرحمان الوادعی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’جس طرح ویڈیو میں نظر آرہا ہے، ہم ڈرائیو تھرو سے کچھ لے رہے تھے جب میرے دوست نے مجھے بل دینے سے منع کردیا۔‘
’ہمارے درمیان تکرار جاری تھی، ابھی میں نے بل دینے کے لیے دوسری طرف رخ کیا ہی تھا کہ میرا ساتھی گاڑی کی چھت پر چڑھ گیا اور بل دینے میں سبقت لے گیا۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ منظر پہلے سے طے شدہ نہیں تھا بلکہ ہمارے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ویڈیو بن رہی ہے۔‘
’جب ہم وہاں سے چلے گئے تو میرے دوست کو خیال آیا کہ ہوسکتا ہے کہ اس منظر کو دکان کے سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ کیا گیا ہو۔‘
’ہم دوبارہ اسی دکان پر واپس آئے اور انتظامیہ سے درخواست کی کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے ہمیں وہ منظر نکال کر دیں۔‘
’انہوں نے تعاون کا مظاہرہ کیا اور ویڈیو کی کاپی ہمارے حوالے کر دی۔‘
’میرے دوست نے اس ویڈیو کو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کردیا جس کے بعد وہ وائرل ہوگئی۔’
ٹوئٹر پر صارفین نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے سعودی شہریوں کی سخاوت اور مہمان نوازی کی تعریف کی ہے۔
ویڈیو سے متاثر ہوکر شہزادہ سطام بن خالد نے اس پر نظم لکھی ہے اور اسے شیئر کیا ہے۔

شیئر: