Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قبرص مزید سعودی سیاحوں کے خیرمقدم کے لیے تیار

جدہ سے قبرص کے لیے شیڈول پروازوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے( فائل فوٹو: عرب نیوز)
قبرص کے وزیر برائے سیاحت سواس پردیوس نے انکشاف کیا ہے کہ بحیرہ روم کا ملک سعودی سیاحوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سواس پردیوس جو قبرص کی سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے گزشتہ ہفتے ایک مختصر دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے نے سعودی چیمبر آف کامرس اور جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے سینئر حکام کے ساتھ ساتھ ایئر لائنز اور ٹریول ایجنسیوں کے نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
قبرصی وزیر نے کہا کہ ’ہم یہاں ایئر لائن کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مہم چلا رہے ہیں کہ وہ جزیرے کے ساتھ اپنے روابط برقرار رکھیں اور ٹور آپریٹرز کو قبرص کے لیے طے شدہ پروازوں میں سیٹیں خرید کر پیکیج ترتیب دینے کے لیے راضی کریں۔‘
پردیوس نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قبرص میں گزشتہ دو برسوں کے دوران سیاحت کے حوالے سے بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں۔ ہم نے اپنی مصنوعات کو بہتر بنایا ہے اور ہم دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ قبرص صرف سمندر کی منزل نہیں ہے۔‘
پرڈیوس کا کہنا ہے کہ قبرص جزیرے کی بھرپور ثقافت اور تہذیب کو فروغ دینے کا عالمی معیار کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار جدہ سے قبرص کے لیے شیڈول پروازوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔’ہم سائپرس ایئر ویز سے ہفتہ وار دو پروازیں شروع کریں گے جو سعودی عرب سے سیاحوں کی تعداد بڑھانے کے لیے ہمارے لیے ایک بڑا قدم ہو گا۔‘

ویزے کی سہولت  سے سعودیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پرڈیوس نے وضاحت کی کہ فی الحال قبرص کا دورہ کرنے کے خواہشمند تمام سعودیوں کو ریاض کا سفر کرنا ضروری ہے لیکن مستقبل قریب میں قبرص جانے کے خواہشمند افراد جدہ سے داخلہ ویزا حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سعودی شہریوں کے پاس شینگن یا قبرص کا ویزا ہے تو وہ قبرص میں داخل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے پیش گوئی کی کہ دونوں ممالک کے درمیان نئی براہ راست پروازوں اور داخلے کے ویزوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کے باعث قبرص آنے والے سعودی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔

شیئر: