Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں اعتکاف کے لیے اندراج کیسے کرائیں؟

مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کو اعتکاف کی اجازت دی گئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام میں اعتکاف کے لیے اندراج کے طریقہ کار کا اعلان کیا ہے۔
 یاد رہے کہ کورونا وبا کے بعد اس سال مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کو اعتکاف کی اجازت دی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ ’جو لوگ مسجد الحرام میں اعتکاف کرنا چاہتے ہوں وہ حرمین شریفین انتظامیہ کے پاس ا پنا اندراج کرائیں، اس کے لیے ایک لنک بھی جاری کیا گیا ہے۔‘
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’اعتکاف اور مسجد الحرام میں لاکرز کے اجازت نامے 16 رمضان سے 19 رمضان تک جاری ہوں گے۔ اجازت نامے گیٹ نمبر 119 کے سامنے اعتکاف کرنے والوں کے ادارے کے کیبن سے وصول کیے جائیں۔ یہ کیبن حرم شریف کے صحن میں واقع ہے۔‘ 
انتظامیہ نے بیان میں  کہا کہ ’جن لوگوں کو اعتکاف کے اجازت نامے جاری ہوں گے انہیں تمام سہولتیں حاصل ہوں گی۔ اپنا سامان رکھنے کے لیے نجی لاکرز مہیا ہوں گے۔ خدمات کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز لی جائیں گی۔ اگر کوئی شکایت ہو گی تو وہ بھی سنی جائے گی۔‘
انتظامیہ نے کہا کہ ’اعتکاف کرنے والوں پر کچھ پابندیاں عائد ہوں گی، امیدوار کی عمر 18 برس سے کم نہ ہو۔ انہیں ای سروسز گیٹ پر اپنا اکاونٹ کھولنا ہو گا۔ مسجد الحرام کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون اور قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی سے گریز کرنا ہو گا۔‘
 اعتکاف کے لیے مختص مقام پر اجتماع کی اجازت نہیں ہو گی۔ خواتین و حضرات اعتکاف کے دوران ایک دوسرے سے ملاقات نہیں کر سکتے۔ 
اعتکاف کرنے والوں کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ اونچی آواز میں باتیں کریں اور نہ ہی اپنے طور پر درس کا سلسلہ شروع کریں۔ 
اعتکاف کرنے والوں کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ اپنے لاکرز کی حفاظت کریں اور اسے کسی طرح کا نقصان نہ پہنچائیں۔ اپنے کارڈ کا خیال رکھیں۔ اعتکاف کی جگہ کی صفائی کرتے رہیں۔ راہداریوں میں بیٹھنے سے گریز کریں۔
فرض نمازوں ، تراویح اور تہجد کے دوران اعتکاف کے لیے مخصوص مقامات پر سونے سے گریز کریں۔ 
انتظامیہ نے انتباہ کیا کہ ذمہ داران کی اجازت کے بغیر کسی کا سامان نامناسب طریقے سے رکھا ملے گا اسے کسی سے پوچھے بغیر ہٹا دیا جائے گا۔ انتظامیہ اعتکاف کرنے والوں کے کسی بھی سامان کی گمشدگی کی ذمہ دار نہیں ہوگی۔  

شیئر: