لاہور.. پاکستانی بلے باز فواد عالم نے کہا کہ ڈومیسٹک سیزن میں کارکردگی دکھانے والوں کو بلاتفریق مواقع دئیے جائیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف چوکوں اور چھکوں سے ہی رنز نہیں بنتے۔ سنگلز ڈبلز لینا بھی ضروری ہوتا ہے۔پاکستانی ٹیم میں اس وقت اچھے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلنے والے بیٹسمینوں کی ضرورت ہے جو جارحانہ شاٹس کھیلنے کے ساتھ سنگلز ڈبلز بھی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پسند نا پسند کی بھینٹ چڑھایا گیا۔ ایک طرف تو ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والوں کو ٹیم میں شامل کرنے کا کہا جاتا ہے لیکن میری طرف کسی کا دھیان نہیں جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ مایوس نہیں ہوں۔ مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے جب بھی موقع ملا، اچھی کارکردگی سے ملک کا نام روشن کروں گا۔فواد عالم نے کہا کہ کرکٹ میں حوصلہ بڑھانے والے کم اورگرانے والے زیادہ ہیں۔ مثبت سوچ رکھنے والوں کیساتھ بیٹھتا ہوں اور انہی سے مجھے اعتماد ملتا ہے۔