Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غیرملکیوں یا وزٹ پر آنے والوں کو سوشل میڈیا پر اشتہار کی اجازت نہیں‘

وزٹ ویزے والے بھی اس قسم کا کاروبار نہیں کرسکتے (فوٹو: المرصد)
سعودی عرب میں جنرل کمیشن فار آڈیوویژول میڈیا نے کہا ہے کہ غیرملکیوں کو سوشل میڈیا پر اشتہار دینے کی اجازت نہیں ہے۔
اشتہار کے قانون کے مطابق ایسے کسی بھی غیرملکی کو جو ملازمت قانون کی خلاف ورزی کرکے رہ رہا ہو اور اس کے پاس سوشل میڈیا پر اشتہار کے کاروبار کا پرمٹ نہ ہو، اسے سوشل میڈیا پر اشتہار دینے کی اجازت نہیں ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق کمیشن نے بیان میں کہا کہ یہ بات مشاہدے میں آ رہی ہے کہ بعض مقیم غیرملکی اور مملکت وزٹ ویزے پر آنے والے سوشل میڈیا پر اشتہار دے رہے ہیں۔
پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کے پاس اشتہار کے کاروبار کا پرمٹ نہیں۔ ان کا کسی کاروباری ادارے سے تعلق ہے اور نہ ان کے پاس غیرملکی انویسٹمنٹ لائسنس ہے اس کے باوجود وہ اشتہاری سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ وزارت تجارت کے تعاون سے تمام تجارتی اداروں کو تحریری طور پر مطلع کیا جا رہا ہے کہ وہ ایسے غیرملکیوں کے ساتھ اشتہار کا لین دین نہ کریں جو مملکت میں مقیم ہیں یا وزٹ ویزے پر آئے ہیں اور ان کے پاس اشتہار کے کاروبار کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔ 
کمیشن نے کہا کہ کوئی بھی مقیم غیرملکی یا وزٹ ویزے پر آنے والا سوشل میڈیا پراشتہار کا کوئی کام نہ کرے۔ اگر کسی سعودی یا مقیم غیرملکی کے علم میں اس حوالے سے کوئی خلاف ورزی آئے تو فوری طور پر کمیشن کے مشترکہ نمبر پر رابطہ کرکے اطلاع دی جائے یا وزارت تجارت کے مشترکہ رابطہ مرکز یا ویب سائٹ پر رابطہ کیا جائے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: