Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں پستول دکھا کر لوگو ں کو ڈرانے والاشرابی گرفتار

ملزم کی گاڑی سے شراب کی بوتل اور پستول کے راﺅنڈ بھی برآمد
ریاض ( اردونیوز رپورٹ) پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ شراب پی کر لوگوں کو پستول سے ڈرانے والے سعودی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ریجنل پولیس کی جانب سے اردونیوز کو جاری تفصیلی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مشرقی ریاض کے علاقے الحمراءمیں ایک شخص جو شراب کے نشے میں دھت ہے پستول سے راہگیروں کو ڈرا رہا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کنٹرول روم نے علاقے میں گشت پر موجود اہلکاروں کو اس مقام پر بھیجا تاکہ ملزم کو گرفتار کیا جائے۔ پولیس اہلکار فوری طور پر الحمراءکے علاقے میں پہنچ گئے جہاں ملزم اپنی گاڑی میں بیٹھا ہاتھ میں پستول لئے وہاں سے گزرنے والوں کی جانب لہرا رہا تھا ۔ پولیس اہلکاروں نے انتہائی مہارت سے ملزم پر قابو پا لیا۔ گرفتاری کے وقت ملزم جو کہ نشے میں دھت تھا کسی قسم کی مزاحمت نہ کرسکا ۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر اس میں رکھی ہوئی آدھی شراب کی بوتل اور پستول کے چند راﺅنڈ برآمد ہوئے ۔ ملزم کو متعلقہ تھانے پہنچا دیا گیا جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے محکمہ تحقیقات و استغاثہ کے سپرد کردیا جہاں مقدمہ قائم کر کے اسے عدالت میں پیش کیا جائیگا۔

شیئر: