Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشت گرد حملے میں زخمی صومالین باشندوں کی علاج کے لیے سعودی عرب آمد

شاہ سلمان کی ہدایت پر زخمیوں کو علاج کے لیے سعودی عرب لایا گیا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر صومالیہ میں دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والوں کو علاج کے لیے جمعے کو سعودی عرب منتقل کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے ایک ہوٹل پر دہشت گرد حملے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ چھ زخمیوں کو سعودی ہسپتالوں میں علاج کے لیے لایا گیا ہے۔ 
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات اور سعودی وزارت صحت  کے نمائندے، مملکت میں متعین جمہوریہ صومالیہ کے سفیر نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض پہنچنے پر صومالی باشندوں کا استقبال کیا۔ زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)

شاہ سلمان مرکز کے سربراہ اعلٰی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے اس موقع پر کہا کہ ’شاہ سلمان مرکز برادر اور دوست ممالک کے متاثرین کی خدمت کر رہا ہے۔۔ صومالیہ کے زخمیوں کو علاج کے لیے ریاض لانے کا فیصلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔‘
صومالیہ کے سفیر نے کہا کہ ’شاہ سلمان نے صومالیہ کے زخمیوں کے علاج کا فوری فیصلہ کرکے روایتی شفقت کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔‘ 
ریاض پہنچنے پر صومالیہ کے زخمیوں نے کہا کہ ’علاج کرانے پر سعودی قیادت کے ممنون ہیں۔ ریاض پہنچنے پر برادرانہ استقبال کے لمحات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔‘

شیئر: