Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جب آپ کا دل کمزور ہو لیکن آپ پھر بھی پاکستان اور انڈیا کا میچ دیکھیں‘

وراٹ کوہلی کو ان کی بیٹنگ کی وجہ سے مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے سنسنی خیز میچ میں جہاں دونوں ممالک کے مداحوں نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، وہیں دونوں طرف کے سیلیبریٹیز بھی اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرتے دکھائی دیے۔
میلبرن میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے انڈیا کو 160 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد چھ وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا۔
پاکستان کی ٹیم کی بیٹنگ کے دوران جہاں کروڑوں پاکستانیوں کے دل اوپر نیچے ہو رہے تھے وہی اداکارہ ماورا حسین بھی پریشان تھیں۔
انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو میں کہا کہ ’جب آپ کا دل کمزور ہو لیکن آپ پھر بھی پاکستان اور انڈیا کا میچ دیکھیں۔‘
اداکار اور یوٹیوبر ارسلان نصیر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’مولوی صاحب، ظہر کی نماز کے بعد بارش کی اجتماعی دعا کریں۔‘
اداکار امر خان نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں ہیلمٹ پہنے ٹی وی کے آگے انڈیا کی چوتھی وکٹ گرنے پر کہا کہ ’غریبوں کی چوتھی وکٹ گرنے کی خوشی میں ٹی وی کے سامنے جشن منا رہی ہوں۔‘
اداکارہ منشا پاشا نے کہا کہ ’وراٹ ہمیں آپ سے پیار ہے، مگر پلیز جلدی سے آؤٹ ہو جاؤ۔‘
پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر بھی میلبرن کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان کا جھنڈا تھام کر ٹیم کا جوش و خروش بڑھاتی رہیں۔
دوسری جانب میچ جیتنے کے بعد انڈین سیلیبریٹیز بھی خوشی سے بھرپور ٹویٹ کر رہے ہیں۔
انڈیا کے سابق کرکٹر سچن تندولکر نے لکھا کہ ’کوہلی، اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ آپ کی زندگی کی سب سے اچھی اننگز تھی۔ آپ کو کھیلتے دیکھنا ایک تحفہ ہے، روف کو جو 19 ویں اوور میں بیک فٹ پر چھکا لگایا وہ شاندار تھا، اسی طرح کھیلو۔‘
جنوبی انڈیا کے مشہور اداکار جونیئر این ٹی آر نے کہا کہ ’کیا شاندار ہدف حاصل کیا، کوہلی اور ٹیم نے شاندار ہدف حاصل کیا، مزہ آ گیا۔‘
بالی وُڈ ایکٹر کارتک آریان کا کہنا تھا کہ ’صرف ایک ہی کنگ ہے جو وراٹ کوہلی ہے، کیا میچ تھا، بہت اچھے انڈیا، دیوالی مبارک ہو۔‘

پریٹی زنٹا نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’او میرے خدا، آج کا یہ میچ، میرا دل پاگلوں کی طرح دھڑک رہا تھا، انڈیا کے لیے کیا شاندار جیت تھی، کوہلی آپ کے عزم سے پیار ہے، تمام مسکراتے چہروں کو ہیپی دیوالی۔‘

 

شیئر: