Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بی جے پی گجرات اور کانگریس ہماچل پردیش میں کامیاب

کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیرا نے کہا کہ ’گجرات میں ان کی جماعت کو بڑا دھچکہ لگا ہے۔‘ فوٹو: روئٹرز
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست جماعت اُن کی آبائی ریاست گجرات کے انتخابات میں ایک بار پھر اسمبلی کی زیادہ نشستیں جیت رہی ہیں تاہم شمالی ریاست ہماچل پردیش میں بی جے پی اپنی حریف جماعت کانگریس سے پیچھے ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق گجرات میں بڑی کامیابی سے نریندر مودی کی جماعت بی جے پی سنہ 2024 کے عام انتخابات میں جیت کے لیے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہے۔
بی جے پی نے سنہ 1995 سے اب تک گجرات میں ریاستی الیکشن نہیں ہارا۔
نریندر مودی سنہ 2014 میں وزیراعظم منتخب ہونے سے قبل 13 برس سے گجرات کے وزیراعلیٰ رہے۔
انڈیا میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور مذہبی منافرت میں اضافے کی وجہ سے تنقید کی زاد میں رہنے کے باوجود بی جے پی کی مقبولیت برقرار رہی ہے۔
انڈیا کے الیکشن کمیشن کے مطابق بی جے پی کو گجرات کی ریاستی اسمبلی کے انتخابی نتائج میں 182 میں سے 158 نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ حریف کانگریس کے امیدوار صرف 16 نشستوں پر آگے ہیں۔
دوسری جانب کانگریس ریاست ہماچل پردیش اسمبلی کی 68 نشستوں میں سے 40 پر برتری لیے ہوئے ہے۔ بی جے پی کے امیدوار 25 نشستوں پر دیگر جماعتوں سے آگے ہیں۔ دونوں ریاستوں کی اسمبلیوں کے لیے ہونے والے انتخابات کے مکمل نتائج جمعرات کی شب دیر گئے سامنے آنے کی توقع ہے۔
گجرات میں بی جے پی کے کارکن سرشام ہی جیت کا جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکلے۔ اس دوران وزیراعلیٰ بھوپندر پٹیل نے کہا کہ یہ جیت ’لوگوں کی وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت پر مکمل اعتماد کی نشانی ہے۔‘
تاہم بی جے پی 15 سال تک مسلسل کنٹرول میں رکھنے کے بعد بدھ کو نئی دہلی میونسپلٹی کا الیکشن عام آدمی پارٹی سے ہار گئی۔
کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیرا نے کہا کہ ’گجرات میں ان کی جماعت کو بڑا دھچکہ لگا ہے۔‘

بی جے پی نے سنہ 1995 سے اب تک گجرات میں ریاستی الیکشن نہیں ہارا۔ فوٹو: روئٹرز

کانگریس کے سب سے اہم رہنماؤں سونیا گاندھی، ان کے بیٹے راہول گاندھی اور بیٹی پرینکا گاندھی نے ریاست میں انتخابی مہم چلانے میں زیادہ فعال کردار ادا نہیں کیا۔
اکتوبر میں کانگریس نے گاندھی خاندان سے تعلق نہ رکھنے والے ایک کارکن ملکارجن کھرگے کو پارٹی صدر منتخب کیا تھا۔
راہول گاندھی کانگریس پارٹی کو اگلے عام انتخابات سے قبل ملک بھر میں فعال کرنے کے لیے شہروں، قصبوں اور دیہات کے پیدل دورے پر ہیں۔ اس دورے میں وہ ساڑھے تین ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔
گجرات اور ہماچل پردیش کے ریاستی انتخابات میں جیت مودی اور ان کی پارٹی کو 2024 کے عام انتخابات سے پہلے بھرپور انداز میں ہندو نواز ایجنڈا پر عمل کرنے کا مدد دے گی۔

شیئر: